رسائی کے لنکس

اسرائیلی فورسز کی مغربی کنارے میں کارروائی، مبینہ عسکریت پسند سمیت آٹھ فلسطینی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں ہونے والے عارضی جنگ بندی معاہدے کا تیسرا دن شروع ہو چکا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی فورسز کی کارروائی کے دوران آٹھ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق حماس کے سات اکتوبر کو اسرائیل پر کیے جانے والے حملے کے بعد مغربی کنارے میں حالیہ دنوں کے دوران جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی حالیہ ہفتوں میں مغربی کنارے میں کارروائیوں کے دوران درجنوں فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مغربی کنارے سے سینکڑوں فلسطینیوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ مغربی کنارے کے رہائشی یہودی آباد کاروں کی جانب سے حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مغربی کنارے کا انتظامی کنٹرول رکھنے والی فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے مضبوط گڑھ جینن میں پانچ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ دیگر تین فلسطینی مغربی کنارے کے دوسرے علاقوں میں نشانہ بنے ہیں۔

محکمۂ صحت کے مطابق مغربی کنارے کے وسطی علاقے البیریہہ میں ہلاک ہونے والوں میں ایک نو عمر بھی شامل ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ اس نے جینن مہاجرین کیمپ میں آپریشن کیا ہے، اس دوران مسلح تصادم کے دوران پانچ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ اس نے جنین کے مہاجر کیمپ میں اسرائیلی باپ بیٹے کے قاتل کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا تھا۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے عسکریت پسند تھے۔

فلسطینی عسکری گروہ اسلامی جہاد نے ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت اپنے کارکن اسد الدمج کے نام سے کی ہے جب کہ باقی ہلاک افراد کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق اسلامی جہاد سے نہیں تھا۔

رپورٹس کے مطابق مہاجرین کیمپ میں سڑکوں پر ملبہ پڑا ہے جب کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں قائم ایک گھر میں ایک بڑا سوراخ بھی موجود ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی نیوز ایجنسی ‘وفا’ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اسنائپرز چھتوں پر تعینات ہیں جب کہ ملٹری بلڈوزر سڑکیں اور انفرا اسٹرکچر تباہ کر رہے ہیں۔

اسرائیل حماس جنگ بندی میں ایران کا کیا کردار ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:06:38 0:00

تاہم فلسطینی اتھارٹی کی نیوز ایجنسی کی ان رپورٹس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ انجینئرنگ کے آلات استعمال کر رہی ہے تا کہ سڑکوں میں چھپائے گئے بارودی مواد کا پتا لگایا جا سکے۔

فلسطینی عسکریت پسندوں کے ہاتھوں مبینہ اسرائیلی مخبر ہلاک

مغربی کنارے میں فلسطینی عسکریت پسندوں نے اسرائیل سے مبینہ طور پر منسلک دو افراد کو قتل کر دیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے حکام کے مطابق ہلاک افراد پر اسرائیلی حکام کے لیے جاسوس کا الزام لگایا گیا تھا۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا جن کی لاشوں کو بعد ازاں سڑکوں پر بھی گھسیٹا گیا۔ ان ہلاک افراد کی لاشوں کو بجلی کے کھمبوں سے باندھنے کی کوشش بھی کی گئی۔

اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا تیسرا راؤنڈ

اسرائیل کا اتوار کو کہنا تھا کہ اسے حماس سے رہا ہونے والے مزید یرغمال افراد کی فہرست موصول ہو گئی ہے۔

رہا ہونے والے یرغمالوں کی یہ فہرست حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پائے جانے والے چار روزہ معاہدے کے تیسرے روز موصول ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی حکام فہرست کا معائنہ کر رہے ہیں جب کہ فہرست میں شامل یرغمالوں کے خاندانوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG