پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے اتوار کو کھیلے گئے واحد میچ میں کراچی کنگز نے 184 کا ہدف پانچ وکٹوں پر حاصل کر لیا جب میچ میں ابھی آٹھ گیندیں باقی تھیں۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ڈیل سٹین جو موجودہ دور کے خطرناک ترین باولرز میں شمار ہوتے ہیں، پہلی بار پی ایس کھیل رہے تھے۔ توقع کی جار ہی تھی کہ ان کے چار اوورز میں زیادہ رنز بنانا مشکل ہو گا اور اس طرح 184 کا ہدف مشکلات سے دوچار کراچی کنگز کے لے پہاڑ بن جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ پہلے اوور میں ٹی ٹوینٹی کے دنیا کے نمبر ون بلے باز بابراعظم کے رن آوٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔
اس موقع پر شرجیل خان اور الیکس ہیلز نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے کراچی کنگز کو بابر اعظم کی کمی کا احساس نہیں ہونے دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 58 رنز کی شراکت داری رہی اس موقع پر شرجیل خان 20 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ ہو ئے۔
ہیلز نے اسلام آباد یونائٹڈ کے باولز پر حملے جاری رکھے اور اس موقع پر ڈیلپورٹ نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور سکور 122 تک پہنچا دیا۔ ڈیلپورٹ صرف 28 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر سٹین کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ ہیلز 52 کے انفرادی سکور پر آوٹ ہوئے تو کراچی کنگز کا اسکور 136 رنز تھا۔ والٹن نے 23 اور کپتان عماد وسیم نے صرف 15 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر ہدف آٹھ گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔
اسلام آباد کی جانب سے شداب خان چار اووروں میں 23 رنز دیکر سب سے کفایت شعار باولر رہے۔ باقی تام باولرز کی خوب پٹائی ہوئی۔
ڈیل سٹین نے پہلا اوور میڈن کرایا لیکن باقی تین اووروں میں مہنگے ثابت ہوئے اور 37 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ سب سے مہنگے باولر فہیم اشرف ثابت ہوئے جن کے 2.4 اووروں میں 47 رنز بنے۔ انہیں پانچ چھکوں کا سامنا کرنا پڑا۔ فہیم اشریف نے ملتان سلطان کے خلاف بھی زیادہ رنز کھائے تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم نے مقررہ بیس اووروں میں تین وکٹوں پر 183 رنز بنائے تھے۔
لیوک رونکی نے 58 گیندوں پر 85 اور کپتان شاداب خان نے 31 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ شاداب کی اننگ میں چار تو رونکی کی اننگ میں دو چھکے شامل تھے۔
آج کراچی کنگز نے پچھلے سیزن میں ابھرنے والے سپین باولر عمرخان کو نہ صرف ٹیم میں شامل کیا بلکہ باولنگ کا موقع بھی دیا۔ انہوں نے ایک بار پھر ذہانت سے سپین کے ہنر سے کمنٹیٹرز کو متاثر کیا۔ چار اووروں میں صرف 24 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ محمد عامر اور عماد وسیم کو بھی ایک ایک وکٹ ملی۔ ایلیکس ہیلز کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل فائیو کے پوانٹس ٹیبل پر ملتان سلطان پانچ میچوں میں سے چار میں فتح حاصل کرنے کے بعد پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، اسلام آباد یونائٹڈ اور پشاور زلمی پانچ پانچ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ کراچی کنگز میچ میں فتح کے باوجود پانجویں نمبر پر ہے جب کہ اس کے چار پوائنٹ ہیں اور حسب روایت لاہور قلندر اس فہرست میں سب سے آخری نمبر پر ہے۔ اور ابھی تک اس ایونٹ میں ایک بھی فتح حاصل نہیں کر سکی ہے۔