رسائی کے لنکس

روسو کی شاندار سنچری، گلیڈی ایٹرز کو سلطانز کے ہاتھوں شکست


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں ریلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست دے دی۔

اس جیت کے بعد ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یہ میچ جیتنے کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز کا ہدف ملا تھا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ریلے روسو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں میں سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 100 رنز بنائے۔

ملتان سلطان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز وینس نے کیا۔ ملتان کی پہلی وکٹ ذیشان اشرف کی صورت میں 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب وہ 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جیمز وینس اور معین علی بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے بالترتیب 29 اور 6 رنز بنائے۔

شان مسعود 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. جب کہ خوشدل شاہ صرف ایک رن اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سہیل تنویر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں ملتان سلطان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز، نسیم شاہ، سہیل خان، حسنین اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 57 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

شین واٹسن پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار کارکردگی دکھاتے نظر آئے۔ تاہم روئے 27 گیندوں پر 30رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

شین واٹسن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے احسن علی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ جس کے بعد احسن 14 اور اعظم خان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شین واٹسن نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ لیکن عمران طاہر نے 80رنز پر واٹسن کو آؤٹ کرکے ملتان سلطان کی فتح یقینی بنا دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح ملتان سلطانز نے یہ میچ 30 رنز سے جیت لیا۔

XS
SM
MD
LG