رسائی کے لنکس

لاہور قلندر پھر ہار گئی، مگر 'اللہ بہتر کرے گا'


Rana Fawad
Rana Fawad

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔ جس کے بعد لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اپنی شکست کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے۔

البتہ فرنچائز کے مالک رانا فواد اب بھی ٹیم کی بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ رانا فواد اس بار میچز کے دوران گراؤنڈ میں نظر نہیں آ رہے لیکن سوشل میڈیا پر وہ اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے میں مصروف ہیں۔

پشاور زلمی سے شکست کے بعد رانا فواد نے ایک ٹوئٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے لکھا ہے کہ 'اللہ بہتر کرے گا'۔

لیکن، لاہور قلندر کی مسلسل شکست کے باوجود صارفین سوشل میڈیا پر لاہور قلندرز اور رانا فواد کی ہمت بڑھا رہے ہیں۔

عارف خان نامی صارف نے لکھا ہے کہ رانا فواد صاحب ویسے تو میں پشاور زلمی کا سپورٹر ہوں لیکن آپ کی وجہ سے لاہور قلندرز کو بھی سپورٹ کرتا ہوں۔

ایک صارف نے لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد سے اپنی محبت کا اظہار کیا جسے رانا فواد نے ری ٹوئٹ کیا۔

بتول نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ ہم تماشائی نہیں کہ ٹیم بدلیں، ہمارا تو لاہور کے ساتھ دل کا رشتہ ہے۔

دل نواز اعوان نامی صارف نے شاعرانہ انداز میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی حوصلہ افزائی کی۔

پاکستان سپرلیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز مسلسل پانچویں ایڈیشن میں بھی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں کرس گیل جیسے نامور کھلاڑی کو بھی شامل کیا گیا لیکن ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی۔ اس کے بعد ساؤتھ افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن فتوحات پھر بھی قلندرز سے دُور رہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچوں سیزنز میں اب تک لاہور قلندرز 39 میچ کھیل چکی ہے۔ جن میں سے اسے 28 میں شکست جب کہ 11 میں کامیابی ملی۔

پی ایس ایل فائیو میں ہر ٹیم نے 10 میچز کھیلنے ہیں۔ لہذٰا لاہور اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے لاہور قلندرز کو اپنے باقی ماندہ سات میچز میں سے کم سے کم پانچ میچز لازمی طور پر جیتنا ہوں گے، اگر وہ چھ میچز جیت جاتے ہیں تو اُن کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG