رسائی کے لنکس

پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج، تعلیمی ادارے بند


اسلام آباد میں جاری دھرنے کے شرکا نعرے بازی کر رہے ہیں
اسلام آباد میں جاری دھرنے کے شرکا نعرے بازی کر رہے ہیں

امن وامان کی خراب صورتِ حال اور جشن عید میلاد النبی کے باعث پنجاب اسمبلی کا 27 نومبر سے شروع ہونے والا اجلاس چار دسمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں جاری 'تحریکِ لبیک یارسول اللہ' کے دھرنے پر پولیس آپریشن کے خلاف لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ اتوار کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔

مظاہرین لاہور کے کئی دیگر مقامات کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک پر بھی ہفتے سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

مظاہرین کے ایک رہنما ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پیر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کے دوران سنی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کریں گے۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا کے خلاف پولیس کی کارروائی پر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیرِ قانون اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے فیصل آباد میں واقع ڈیرے کی جانب بڑھنے والے مشتعل مظاہرین کے ایک گروہ کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں جس کے دوران اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے پتھراؤ کیا جب کہ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھرنا دینے والوں کے خلاف کسی قسم کی طاقت کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ تمام معاملات بات چیت کےذریعے حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ دھرنوں کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں کم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید سمیر احمد نے امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے باعث محکمۂ داخلہ پنجاب کو رینجرز طلب کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

احتجاج کے باعث حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں دو دن کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتِ پنجاب کے اسکول ایجوکیشن محکمے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے پیر اور منگل کو بند رہیں گے۔

پنجاب کے وزیر برائے خصوصی صحت اور طبی تعلیم خواجہ سلمان رفیق نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امن وامان کی خراب صورتِ حال کے باعث صوبے بھر کے تمام میڈیکل وڈینٹل کالجز اور جامعات بھی پیر اور منگل کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہری جیل روڈ، مین بلیووارڈ اور فیروز پور روڈ پر سفر کر سکتے ہیں جب کہ احتجاج کے باعث بند شاہراہوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس سید عمران احمد شاہ نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے باعث نیشنل ہائی ویز اور جی ٹی روڈ مختلف جگہوں سے بند ہیں جس کے باعث مسافروں کو دورانِ سفر مشکلا ت کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے تاہم شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے امن وامان کی صورتِ حال اور جشن عید میلاد النبی کے باعث پنجاب اسمبلی کا 27 نومبر سے شروع ہونے والا اجلاس چار دسمبر تک ملتوی کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG