بھارت کے شہر احمد آباد کے میونسپل کمشنر نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے احمد آباد 'روڈ شو' میں ایک لاکھ افراد موجود ہوں گے۔
اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایئر پورٹ سے ایونٹ کے مقام تک 70 لاکھ لوگ سڑک کے اطراف موجود ہوں گے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے دو روزہ دورے پر 24 فروری کو احمد آباد پہنچ رہے ہیں۔ احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 'نمستے ٹرمپ' کے نام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
احمد آباد ایئر پورٹ سے کرکٹ اسٹیڈیم تک 22 کلو میٹر طویل سٹرک کے اطراف مقامی انتظامیہ نے روڈ شو کا اہتمام کر رکھا ہے۔ جس میں بھارت کی ثقافت اُجاگر کی جائے گی۔
اس دوران سڑک کے اطراف بھارت کے مختلف حصوں سے آئے فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
سڑک کے اطراف کچی بستیوں کو چھپانے کے لیے جہاں دیوار تعمیر کی جا رہی ہے۔ وہیں سڑک کے اطراف امریکی صدر کو خوش آمدید کہنے کے لیے لوگوں کو جمع کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
احمد آباد کے میونسپل کمشنر وجے نہرا نے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو بتایا کہ روڈ شو سے لوگوں کو بھارت کی ثقافت دُنیا بھر میں اُجاگر کرنے کا موقع میسر آئے گا۔
احمد آباد کی انتظامیہ کی جانب سے روڈ شو کے شرکا کی تعداد ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے سے بہت کم ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بھارت نے ماضی میں ہمارے ساتھ کچھ اچھا سلوک نہیں کیا۔ لیکن نریندر مودی میرے دوست ہیں، اور اُنہوں نے بتایا ہے کہ احمد آباد ایئر پورٹ سے اسٹیدیم کے اطراف 70 لاکھ لوگ موجود ہوں گے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک اندازے کے مطابق احمد آباد شہر کی کُل آبادی 70 سے 80 لاکھ کے درمیان ہے۔
بھارت آمد پر صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم مودی بھارت کے بانی مہاتما گاندھی سے منسلک 'سبرمتی آشرم' جائیں گے۔ جس کے بعد دونوں رہنما دُنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم 'سردار ولبھ بھائی پٹیل' اسٹیڈیم جائیں گے جہاں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ باضابطہ طور پر دُنیا کے اس سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔
کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورۂ امریکہ کے دوران ہیوسٹن میں ہونے والی 'ہاؤڈی مودی' ریلی سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ اُس تقریب میں لگ بھگ 50 ہزار افراد کی موجودگی میں صدر ٹرمپ اور نریندر مودی نے حاضرین سے خطاب کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کے پہلے دورہ بھارت کے دوران بھارتی حکومت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے منگل کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا تھا کہ "ہم بھارت کے ساتھ بڑا تجارتی معاہدہ کر سکتے ہیں۔"
احمد آباد کے بعد صدر ٹرمپ، وزیرِ اعظم مودی کے ہمراہ آگرہ جائیں گے۔ جہاں وہ تاریخی تاج محل دیکھیں گے۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ نئی دہلی پہنچیں گے۔ جہاں 25 فروری کو وہ بھارتی صدر رام ناتھ کوند سے ملاقات کریں گے۔
اس کے بعد امریکی صدر وزیرِ اعظم نریندر مودی سے حیدر آباد ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کریں گے۔ یہاں وفود کی سطح پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بعدازاں امریکی صدر بھارت کے بڑے کاروباری افراد سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ 25 فروری کی شب بھارتی صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کے بعد امریکی صدر واپس روانہ ہوں گے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی بھارت میں دو روز قیام کے دوران مختلف تقریبات میں شرکت کریں گی۔