اس بار امریکہ میں پاور بال جیک پاٹ لاٹری کا جیتنے والا واحد ٹکٹ کیلی فورنیا میں کسی خوش نصیب نے خریدا ہے جس کی مالیت کا تخمینہ 1.08 ارب ڈالر ہے، جو کہ امریکی تاریخ کا ساتواں سب سے بڑا اور گیم کی تاریخ کا تیسرا بڑا انعام ہے۔
جب قرعہ اندازی کے ذریعے جیتنے والا نمبر نکالا جاتا ہے تو بلا مبالغہ لاکھوں آنکھیں اسکرین پر جمی ہوتی ہیں۔ بدھ کی رات کے جیتنے والے نمبر یہ تھے: سفید گیندیں 7، 10، 11، 13، 24 اور سرخ پاور بال 24۔
یوں تو گیم میں جیتنے کے امکانات 292.2 ملین میں سے ایک ہیں، لیکن دو ڈالر کا یہ ٹکٹ لاکھوں ڈالر کے خوابوں کے ساتھ خرید اجاتا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے جو ویڈیو پوسٹ کی ہے اس میں کوئی صرف ویکیشن پر جانا چاہتا ہے، کسی کا خواب اپنے سارے بل ادا کر کےنام بدل کر عمر بھر چین کی بنسی بجانا ہے تو کوئی زمین جائیداد خریدنا چاہتے ہیں۔
لیکن وال اسٹریٹ جرنل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹکٹ خریدنے کے رجحان میں کمی آئی ہے اور پچھلے جیک پاٹ کے مقابلے میں ٹکٹوں کی خرید میں 25 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اس لاٹری کو بڑے انعامات بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو زیادہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ نومبر میں پاور بال کا سب سے بڑا جیک پاٹ 2.04 ارب ڈالر کا تھا۔
لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ذرا سے پہلے تک ہر ٹکٹ خریدنے والے کو کہیں نہ کہیں یہ یقین ہوتا ہے کہ جیک پاٹ اسی کا ہے ایسا نہ ہوتا تو وہ ٹکٹ خریدتے ہی کیوں؟
پاور بال 45 ریاستوں کے ساتھ ساتھ واشنگٹن، ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلا جاتا ہے۔
آخر میں سوال یہ کہ کس خوش نصیب نے ایک ارب آٹھ کروڑ ڈالرکا جیک پاٹ جیتا ہے؟ تو یہ تو اسی وقت پتہ چلے گا جب کوئی اس ایک ٹکٹ کے ساتھ ایک ارب آٹھ کرڑ ڈالر کا دعویٰ کرے گا۔
جیتنے والا یا تو 1.08 بلین ڈالر سالانہ قسطوں میں لے سکتا ہے یا ٹیکس سے پہلے،558.1 ملین ڈالرز یکمشت رقم کا انتخاب کر سکتا ہے۔
اس رپورٹ کے لیے معلومات ایسو سی ایٹڈ پریس نے فراہم کی ہیں۔