رسائی کے لنکس

جون تاریخ کا گرم ترین مہینہ، جولائی اس سے بھی گرم ہو سکتا ہے


انڈونیشیا میں پرائمری اسکول کی ایک طالبہ گرمی سے بچنے کے لیے بیٹری سے چلنے والے پنکھے سے ہوا لے رہی ہے۔ 15 مئی 2023
انڈونیشیا میں پرائمری اسکول کی ایک طالبہ گرمی سے بچنے کے لیے بیٹری سے چلنے والے پنکھے سے ہوا لے رہی ہے۔ 15 مئی 2023

زمین ان اندازوں سے کہیں زیادہ تیزی سے تپ رہی ہے جس سے موسمیات کے ماہرین خبردار کر رہے تھے اور سائنس دان عالمی سطح کے اجلاس بلا کر کاربن گیسوں کے اخراج پر کنٹرول کے لیے اہداف طے کر رہے تھے۔

سمندروں اور کرہ ہوائی سے متعلق امریکی ادارے ’ نیشنل اوشینک اینڈ ایٹماسفریک ایڈمنسٹڑیشن، یعنی ’این او اے اے‘ نے حال ہی میں بتایا ہے کہ اس سال جون میں گرمی کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور سمندروں کا درجہ حرارت ماضی کے ریکارڈ سے تقریباً ایک چوتھائی ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔

’ این او اے اے‘ طویل عرصے سے عالمی درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھ رہا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس سال جون میں اوسط درجہ حرارت 61.79 ڈگری فارن ہائیٹ رہا جو 20 ویں صدی کے اوسط درجہ حرارت سے 1.89 ڈگری فارن ہائیٹ زیادہ تھا۔ یہ ادارہ 1850 سے درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھ رہا ہے اور اس کے پاس 174 برسوں کا ڈیٹا موجود ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ایک بے گھر شخص گرمی اور تیز دھوپ سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔ 28 جون 2023
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ایک بے گھر شخص گرمی اور تیز دھوپ سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔ 28 جون 2023

آب و ہوا اور موسم سے متعلق دیگر عالمی ادارے مثلاً ناسا، برکلے ارتھ، یورپ کوپرنیکس نے بھی جون کے مہینے کو اب تک کی معلوم تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا ہے۔

این او اے اے کی موسمیات سے متعلق سائنس دان آہیرا سانچز لوگو کا کہنا ہے کہ پچھلے سال جون کے مقابلے میں اس سال جون کے درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے کو ایک بڑا اضافہ کہا جا سکتا ہے کیونکہ درجہ حرارت میں اضافہ عموماً ایک ڈگری کے دسویں حصے کے برابر ہی ہوتا ہے جب کہ یہ اضافہ ایک چوتھائی ڈگری تھا۔

پاکستان کے اکثر علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ کراچی میں دو لوگ خود کو گرمی سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان کے اکثر علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ کراچی میں دو لوگ خود کو گرمی سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیویارک میں قائم کارنیل یونیورسٹی میں آب و ہوا کے شعبے کی سائنس دان نیتالی مہووالڈ کہتی ہیں کہ اس سال ہم جو ریکارڈ درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر جنگلاتی آگ، آلودگی اور سیلابوں کے واقعات دیکھ رہے ہیں ، اس سے ہمیں تھوڑا بہت یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ آب و ہوا کی تبدیلی کے نتیجے میں ہمیں کتنے خراب حالات حالات کی توقع رکھنی چاہیے۔

اس سال گرمیاں شروع ہونے کے بعد سے اب تک نہ صرف درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہو چکے ہیں بلکہ جنگلوں میں بھڑک اٹھنے والی آگ کے ایسے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں جن کی اس سے پہلے مثال نہیں ملتی۔

کینیڈا کے جنگلات میں اپریل کے وسط سے شروع ہونے والی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا اور اس کے دھوئیں کی آلودگی کے اثرات امریکہ سمیت دیگر علاقوں کو مسلسل اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں اور صحت کے حکام کو بار بار یہ انتباہ جاری کرنا پڑ رہا ہے کہ لوگ خود کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ کینیڈا کی آگ اب تک ڈھائی کروڑ ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے جنگلات کو خاکستر کر چکی ہے۔

شدید گرمی میں اخبار بھی ایک سہارا بن جاتا ہے۔
شدید گرمی میں اخبار بھی ایک سہارا بن جاتا ہے۔

گرمی کی شدت سے صرف زمین کی سطح کا ہی درجہ حرارت نہیں بڑھ رہا بلکہ سمندر بھی گرم ہو رہے ہیں۔ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ سمندر کے گرم ہونے کے اثرات زیادہ گہرے ہوتے ہیں کیونکہ زمین کے تقریباً 70 فی صد حصے کو سمندروں نے ڈھانپ رکھا ہے۔

اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اپریل، مئی اور جون میں سمندروں کا پانی معمول سے زیادہ گرم رہا۔ بحر اوقیانوس تو مارچ ہی میں گرم ہونا شروع ہو گیا تھا۔اسی طرح کریبئن اور برطانیہ کے سمندر بھی درجہ حرارت کے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔

برکلے ارتھ کے سائنس دان رابرٹ روہڈ کہتے ہیں کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ موجودہ سال نہ صرف گرم ترین ہو گا بلکہ خشک ترین بھی ہو گا۔

امریکی ریاست ایری زونا میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔15 جولائی کو وہاں کا درجہ حرارت 116 درجے فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اتنی گرمی میں تو پیاس بچھانے کے گیلن کی بوتل ہی چاہیے۔
امریکی ریاست ایری زونا میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔15 جولائی کو وہاں کا درجہ حرارت 116 درجے فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اتنی گرمی میں تو پیاس بچھانے کے گیلن کی بوتل ہی چاہیے۔

سائنس دانوں نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جولائی کا مہینہ جون سے بھی زیادہ گرم ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ عمومی طور پر جولائی میں جون سے زیادہ گرمی پڑتی ہے۔ جولائی کا اب تک کا اوسط بلند ترین درجہ حرارت کا ریکارڈ 62 ڈگری فارن ہائیٹ ہے جو 2019 اور 2021 میں قائم ہوا تھا۔

اس سال جولائی کے پہلے 12 دنوں میں سے گیارہ دن پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ گرم رہے اور یہ رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔

این او اے اے نے بتایا ہے کہ فلوریڈا کے سمندری علاقوں میں حالیہ دنوں میں پانی کا درجہ حرارت 98 ڈگری فارن ہائیٹ تھا جب کہ جولائی کے ابتدائی دنوں میں امریکہ کے گرم ترین علاقے ’ڈیتھ ویلی‘ کا درجہ حرارت 130 درجے فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

چین میں ان دنوں ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے جس نے روزمرہ کے معمولات کو مشکل بنا دیا ہے۔ بیجنگ میں ایک بینچ پر بیٹھ دو افراد نے گرمی سے بچنے کے لیے چھاتا تان رکھا ہے۔ 3 جولائی 2023
چین میں ان دنوں ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے جس نے روزمرہ کے معمولات کو مشکل بنا دیا ہے۔ بیجنگ میں ایک بینچ پر بیٹھ دو افراد نے گرمی سے بچنے کے لیے چھاتا تان رکھا ہے۔ 3 جولائی 2023

ایک جانب درجہ حرارت نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے تو دوسری طرف قدرتی موسمیاتی سائیکل ’ ال نینو‘ کے تحت دنیا کے کئی خطوں میں خشک سالی سے قحط کی صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔ جب کہ کئی دیگر خطوں میں گرم موسم کے سبب شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور سیلاب آ رہے ہیں۔

حالیہ عرصے میں پاکستان اور بھارت میں مون سون کی شدید بارشوں اور اس کے بعد سیلابوں سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچا ۔ تباہی کے یہ مناظر یورپ کے کئی علاقوں میں بھی دیکھنے میں آئے۔

این او اے اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون میں انٹارکٹک اور دیگر بلند پہاڑی علاقوں میں برف اپنی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہوئی۔ برف کی مسلسل گھٹتی ہوئی سطح آنے والے برسوں میں ان آبادیوں کے لیے بڑے چیلنجز پیدا کر سکتی ہے جو پانی کی ضروریات اور فصلیں اگانے کے لیے پہاڑوں سے آنے والے دریاؤں پر انحصار کرتے ہیں۔

ماؤنٹ ایوریسٹ کے راستے میں پڑنے والا ایک بیس کیمپ، پہاڑ کے کئی حصے برف سے خالی ہیں۔
ماؤنٹ ایوریسٹ کے راستے میں پڑنے والا ایک بیس کیمپ، پہاڑ کے کئی حصے برف سے خالی ہیں۔

دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ سر کرنے والوں کو مدد فراہم کرنے والے نیپال کے ایک ’شرپا‘ نے حال ہی میں اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچنا اب ماضی کے مقابلے میں بہت آسان ہو چکا ہے کیونکہ اب چوٹی کو جانے والے راستوں کی برف کا زیادہ تر حصہ پگھل چکا ہے۔

امپیریل کالج آف لندن کے موسمیاتی شعبے کے ایک سائنس دان فریڈرک اوٹو نے کہا ہے کہ اگر ہم معدنی ایندھن جلانا بند نہیں کریں گے ، تو ہمیں اس سے بھی کہیں زیادہ خراب حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہونا پڑے گا۔

(ایسوسی ایٹڈ پریس سے ماخوذ)

XS
SM
MD
LG