رسائی کے لنکس

ہمارا ماحول جل رہا ہے، پگھل رہا ہے ،خشک ہو رہا ہے، مر رہا ہے، اقوام متحدہ


 اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک ، فائل فوٹو
اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک ، فائل فوٹو

ہمارا ماحول جل رہا ہے، پگھل رہا ہے ،سیلابوں کی زدمیں ہے، خشک ہو رہا ہے، مر رہا ہے۔ یہ انتباہ تھا انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے سر براہ کا جنہوں نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں خوراک کے حق پر بحث کے دوران دنیا کو خبردار کیا کہ آب و ہوا کی تبدیلی سےبھوک، اور مصائب سے صحیح معنوں میں ایک خوفناک مستقبل کا خطرہ لاحق ہے ۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں گفتگو کرتے ہوئے وولکر ترک نے عالمی راہنماؤں پر اس بارے میں تنقید کی کہ وہ آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹتے ہوئے صرف مختصر مدت کو مد نظر رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمیاتی تبدیلیاں فصلو ں، مویشیوں کے ریوڑ اور ماحولیاتی نظاموں کو تباہ کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں کمیونٹیز کے لیے تعمیر نو اور اپنی گزر اوقات کا بندو بست کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔

وولکر نے کہا کہ ، 2021 میں 828 ملین سے زیادہ لوگوں کو بھوک کا سامنا کرنا پڑا۔ اور خطرہ ہے کہ آب وہوا کی تبدیلی سے اس صدی کے وسط تک مزید 80 ملین افراد کو بھوک کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ، اب بھی وقت ہے کہ کچھ کیا جائے۔۔۔اور وہ وقت ہے اب ۔

2015 کے پیرس معاہدے کے تحت ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ عالمی درجہ حرارت کو دوڈگری سیلسیئس سے کم رکھا جائے گا۔ اور اگر ممکن ہو تو 1.5 سینٹی گریڈ تک محدود کیا جائے گا۔ لیکن 2022 میں عالمی درجہ حرارت دیے گئے اوسط سے 1.15 سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔

اقوام متحدہ کے کلائمیٹ سائنس ایڈوائزری پینل، آئی پی سی سی کے مطابق، اگر یہ ہی رجحان جاری رہاتو اس صدی کے آخر تک کرہ ارض 2.8 سینٹی گریڈ زیادہ گرم ہوجائے گا۔

وولکر نے کہا کہ ہمیں بھوک اور مصائب کا یہ مستقبل اپنے بچوں اور ان کے بچوں تک نہیں پہنچانا چاہیے۔ ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ،"ہم جو تاریخ کے سب سے طاقتور تکنیکی آلات کی حامل جنریشن ہیں ، ہم اسے تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ عالمی رہنما عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں اس کے لیے اقدام کرنے کا وعدہ کرتے ہیں اور پھر مختصر مدت کے اقدامات پر مرکوز ہو جاتے ہیں۔

وولکر نے دنیا پر زور دیا کہ وہ گرین واشر ز یعنی ان کمپنیوں سے بچے جو ماحولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات سے زیادہ اپنی مصنوعات کو ماحول دوست ثابت کرنے کی تشہیر سےلوگوں کو دھوکہ دیتی ہیں اور ان سے بھی بچے جو اپنے لالچ کی وجہ سے آ ب وہوا کی سائنس پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہیں ۔

انسانی حقوق کونسل کا 53 واں اجلاس 19 جون کو شروع ہوا تھا اور 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG