رسائی کے لنکس

یورپ میں شدید گرمی: ہیٹ ویو میں کمی کا کوئی امکان نہیں، اقوامِ متحدہ کا انتباہ


یورپ، امریکہ اور ایشیا کے کئی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور ایسے میں اقوامِ متحدہ کے ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل ایجنسی (ڈبلیو ایم او) نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کے جاری رجحان میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ڈبلیو ایم او کے سینئر ایڈوائزر جان نیرن نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو شدید ہیٹ ویو کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے کیوں کہ گرم موسم شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور حال ہی میں بننے والے موسمی پیٹرن 'ایل نینو' کی وجہ سے دنیا کے مختلف ملکوں میں درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔

امریکہ میں لاکھوں شہریوں کو منگل کو شدید گرمی کا سامنا رہا۔ ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں مسلسل 19ویں روز درجۂ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں مسلسل کئی روز سے جاری گرمی سے 49 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

ریاست ٹیکساس کے شہر سان اینجلو میں درجۂ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے منگل کو سوشل میڈیا پوسٹ میں خبردار کیا کہ جنوب مغربی علاقوں میں انتہائی خطرناک اور طویل دورانیے کی گرمی کی لہر آئندہ ہفتے تک جاری رہے گی اور اس ہفتے کے آخر تک جنوب وسطی اور جنوب مشرقی امریکہ میں سخت گرمی پڑ سکتی ہے۔

حالیہ چند روز کے دوران امریکہ سے چین تک کئی ملک اپنے شہریوں کو گرمی کی وجہ سے زندگی پر پڑنے والےمنفی اثرات سے خبردار کر رہے ہیں اور انہیں دھوپ سے بچنے اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

اسپین نےگرمی کی حالیہ لہر کے پیشِ نظر ہیٹ الرٹ جاری کر دیا ہے جب کہ اٹلی کے جزیرے سردینیا میں بچوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گرمی کے باعث یونان اور کنری آئرلینڈ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

کنری آئرلینڈ میں آگ نے 3500 ایکٹر علاقے کو جلا کر خاکستر کر دیا ہے جسے بجھانے کے لیےچار سو فائر فائٹرز کوششوں میں لگےہیں۔

حکام نے اب تک متاثرہ علاقوں سے چار ہزار افراد کو نکال لیا ہے اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آلودہ ماحول سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔

اسپین نے حالیہ گرمی کی لہر کے پیشِ نظر ہیٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسپین نے حالیہ گرمی کی لہر کے پیشِ نظر ہیٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے شمال مشرق میں لگنے والی آگ نے اب بھی وسیع رقبے پر جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

اٹلی کے دارالحکومت روم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی ہے جہاں دن کے اوقات میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

اٹلی کے جزیرے سردینیا اور سسلی میں درجۂ حرارت 48 اعشاریہ آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جہاں حکام نے گرم موسم سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے۔

ایشیا میں گرمی، بارش اور طوفان

ایشیا کے مختلف ممالک میں گرمی کے ساتھ ساتھ شدید بارش، سیلاب اور طوفان نے تباہی مچا رکھی ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں منگل اور بدھ کی شب موسلا دھار بارش ہوئی جب کہ بعض علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

بھارت میں بھی حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والی بارشوں نے دارالحکومت نئی دہلی میں نظام زندگی متاثر کر رکھا ہے جہاں اب بھی کئی علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے۔

چین اور ویتنام میں پیر کو طوفان کے باعث ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ طوفان کے باعث ہونے والی بارشیں منگل تک تھم چکی تھیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG