رسائی کے لنکس

یعقوب ناصر مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر منتخب


حکمران جماعت کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے رکن بھی ہیں۔

پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سردار یعقوب ناصر کو جماعت کا قائم مقام صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں واقع پنجاب ہاؤس میں ہوا، جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کی۔

اجلاس میں راجہ ظفر الحق نے پارٹی کی صدارتی کے لیے سردار یعقوب ناصر کا نام تجویز کیا، جس کی دیگر قائدین نے حمایت کی۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سابق صدر نواز شریف کی عدالتِ عظمٰی سے نا اہلی کے بعد پاکستان کے الیکشن کمیشن نے گزشتہ ہفتے حکمران جماعت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی جماعت کا نیا صدر منتخب کرے، کیوں کہ پولیٹکل پارٹیز آرڈر 2002ء کے تحت نااہل قرار دیا گیا قانون ساز کسی سیاسی جماعت کا بھی کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

حکمران جماعت کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے رکن بھی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اس اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف شریک نہیں تھے۔

حکمران جماعت کا کہنا ہے کہ جب تک مسلم لیگ (ن) کے جماعتی انتخابات نہیں ہو جاتے اُس وقت تک سردار یعقوب ہی یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔

نواز شریف کو پاکستان کی عدالت عظمٰی کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما لیکس سے متعلق ایک مقدمے میں 28 جولائی کو نا اہل قرار دے دیا تھا جس کے فوراً بعد نواز شریف اپنے منصب سے الگ ہو گئے تھے۔

اُدھر الیکشن کمیشن نے جمعرات کو 345 سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کی ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے منصب سے نواز شریف کا نام خارج کرتے ہوئے یہ عہدہ خالی قرار دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG