رسائی کے لنکس

کراچی میں آپریشن جاری رہے گا، نواز شریف کا اعلان


وزیر اعظم نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا تعلق چاہے کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، انھیں چھوڑنا نہیں چاہیے۔

پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری تک کراچی میں رینجرز اور پولیس کا آپریشن جاری رہے گا۔

وزیرِ اعظم نے جمعے کو کراچی کا دورہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران، سیاست دانوں اور کاروباری برادری سے شہر کی صورتِ حال پہ تبادلہ خیال کیا۔

جمعے کی شام گورنر ہاؤس کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکام کی تمام توجہ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والوں کو سزا دینے پر ہونی چاہیے تاکہ دوسروں کو ان کے انجام سے عبرت حاصل ہو۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر یہ نہ سمجھیں کہ یہ آپریشن چند مہینوں میں ختم ہو جائے گا، اسے تب تک چلنا چاہیے جب تک ایک ایک مجرم کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں نہیں کھڑا کر دیا جاتا۔

اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کا تعلق چاہے کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، انھیں چھوڑنا نہیں چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ معاشرے کے امن کو خراب کرتے ہیں ان پہ قانون کا آہنی ہاتھ ضرور پڑے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن میں میڈیا کی مدد کی بہت ضرورت ہے اور اس آپریشن میں حکومت کسی سے بھی بلیک میل نہیں ہوگی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے صدر دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں اانہیں شہر میں امن و امان کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

رینجرز ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے کراچی میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہونے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا اور شہر میں قیامِ امن کے لئے تمام اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
XS
SM
MD
LG