رسائی کے لنکس

مودی کا ہولی کی تقریبات میں شریک نہ ہونے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے رواں برس ہولی کے کسی بھی اجتماع میں شریک نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا یہ اعلان طبی ماہرین کا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث بڑے اجتماعات میں شرکت نہ کرنے کی تجویز کے بعد سامنے آیا ہے۔

بھارت کے نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ماہرین تجویز کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس کے باعث بڑے اجتماعات میں شرکت سے گریز کیا جائے۔ اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ہولی کے ملن پروگرام میں شریک نہیں ہوں گا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس دوماہ قبل چین کی گوشت کی ایک مارکیٹ سے دنیا کے 60 ممالک میں پھیل چکا ہے۔

بھارت کے اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کی رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر برائے صحت ہرش وردھن نے کہا ہے کہ بھارت میں 28 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹلی کے 16 شہریوں اور ان کے بھارتی ڈرائیور میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں دہلی میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ جب کہ دہلی میں سات افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ حیدر آباد میں دبئی سے آنے والے ایک کمپیوٹر ماہر میں بھی وائرس سامنے آیا۔ کیرالہ میں کروانا سے متاثرہ تین افراد کا علاج جاری ہے۔

ہرش وردھن کے مطابق بھارت کے ہوائی اڈوں پر 12 ممالک سے آنے والے شہریوں کی اسکریننگ کی جا رہی تھی تاہم اب تمام بین الاقوامی طیاروں میں آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی۔

خیال رہے کہ ہولی ہندو مذہب کا ایک اہم تہوار ہے جو موسم سرما کے اختتام اور بہار کے آغاز پر منایا جاتا ہے۔ ہولی کو رنگوں کا تہوار بھی قرار دیا جاتا ہے کیوں کہ اس میں ایک دوسرے پر رنگ لگا کر خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب بھارت کے مرکزی وزیر برائے داخلہ امیت شاہ نے بھی نریندر مودی کی پیروی کرتے ہوئے ہولی کے کسی بھی تقریب میں شریک نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

امیت شاہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہولی بھارت کے شہریوں کے لیے ایک اہم تہوار ہے تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث میں نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں برس ہولی کی تقریبات میں شریک نہیں ہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں لوگوں سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ عوامی اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں جب کہ اپنا اور اپنے خاندان کا خیال رکھیں۔

عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں 92 ہزار افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔ وائرس سے اب تک 3110 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں بہت بڑی تعداد چین کے شہریوں کی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا کے 122 ممالک اور خطوں میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

عالمی ادارے کے مطابق اس وائرس سے اموات کی شرح 3.4 فی صد ہے۔

XS
SM
MD
LG