رسائی کے لنکس

'ہاتھ نہ ملائیں، بوسے سے گریز کریں:' کرونا وائرس دنیا کی عادات اور روایات پر اثر انداز


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

لوگوں کو ہاتھ ملانے سے منع کریں اور گال سے گال ٹکرانے یا بوسہ دے کر ملنے سے گریز کریں جب کہ گلے ملنے کا تو سوچیں ہی نہ۔ کیوں کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر دنیا بھر میں مختلف ممالک اپنے شہریوں کو کچھ ایسی ہی ہدایات دے رہے ہیں۔

کرونا وائرس کا خطرہ اتنا بڑھ چکا ہے کہ لوگ اپنی روایتیں اور عادات بدلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ گھر، دفاتر اور عبادت گاہوں میں بھی لوگ دوسروں سے ملنے میں احتیاط برت رہے ہیں تاکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے کرونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کی تبدیل ہوتی عادات کا جائزہ لیا ہے۔ دیکھیے وہ کیا ہیں۔

چین

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بڑے بڑے سرخ رنگ کے ہورڈنگز لگائے گئے ہیں جن پر درج ہے کہ لوگوں سے ہاتھ نہ ملائیں۔ بلکہ اپنے ہاتھوں کو آپس میں باندھ کر لوگوں کو تعظیم دیں۔

فرانس

دنیا بھر کی طرح فرانس میں بھی ہاتھ ملانے کا رواج عام ہے جب کہ خواتین ایک دوسرے سے ملتے وقت گال پر بوسہ دے کر یا گال سے گال ٹکرا کر خوش آمدید کہتی ہیں۔ لیکن اب فرانس کے اخبارات ان تجاویز سے بھرے ہوئے ہیں کہ لوگ اپنی ان عادات کو تبدیل کریں۔

فرانس میں عادات کے ایک ماہر فلپ لکفس کہتے ہیں کہ لوگوں سے ہاتھ ملا کر ملنے کا طریقہ پرانا نہیں بلکہ یہ 'مڈل ایجز' میں شروع ہوا۔ وہ کہتے ہیں کہ آپ اس کے بجائے ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھ کر انہیں تعظیم دے سکتے ہیں۔

برازیل

برازیل کی وزارتِ صحت نے بھی لوگوں کو دھات کی اسٹرا استعمال نہ کرنے اور بوسے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

اسپین

کرونا وائرس نے اسپین میں سب سے زیادہ منائی جانے والی روایت کو بھی متاثر کیا ہے۔ اسپین میں لوگوں کی عادت ہے کہ وہ اپنی مذہبی شخصیات کے مجسموں کو بوسہ دیتے ہیں۔ اس روایت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

پولینڈ

پولینڈ میں کیتھولک مسیحیوں کی خاصی بڑی تعداد رہتی ہے۔ وہ جب چرچ جاتے ہیں تو اپنے ہاتھ مقدس پانی (ہولی واٹر) میں گیلے کرتے ہیں۔ یہ وہاں کی ایک عام روایت ہے۔ لیکن اب چرچ جانے والوں کو ہدایت کی گئی ہیں کہ وہ یہ عمل نہ کریں بلکہ اس کی جگہ صلیب کا علامتی نشان بنا کر چرچ میں داخل ہوں۔

جرمنی

جرمنی کے وزیرِ داخلہ ہورسٹ سی ہوفر سے پیر کو جب جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے ہاتھ ملانے کی کوشش کی تو انہوں نے اس سے گریز کیا۔ وہ مسکرائے لیکن اپنے ہاتھ آگے نہ بڑھائے۔ اس کے بعد دونوں نے ایک قہقہہ لگایا اور مرکل نے بیٹھنے سے پہلے ہوا میں اپنے دونوں ہاتھ لہرا کر لوگوں کو سلام کیا۔

ایران

ایران میں کرونا وائرس سے 66 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں تین دوست ایک دوسرے سے ملاقات میں ہاتھ ملانے کے بجائے اپنے پاؤں ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات اور قطر نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ملتے وقت ناک سے ناک ملانے کے روایتی طریقے سے اجتناب برتیں۔ متحدہ عرب امارات نے لوگوں کو ہاتھ نہ ملانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صرف ہاتھ ہلا کر ایک دوسرے کو سلام کریں۔

امریکہ

کھیلوں کی خبریں دینے والے ایک نشریاتی ادارے 'ای ایس پی این' کے مطابق امریکہ میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے ہاتھ پر تالی مارنے سے گریز کریں اور ان سے کوئی بھی چیز مثلاً پین، شرٹ یا آٹو گراف کے لیے کچھ بھی لینے سے اجتناب برتیں۔

کچھ کھلاڑیوں نے ان ہدایات پر عمل شروع کر دیا ہے اور وہ اب اپنے مداحوں کو آٹو گراف دینے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG