رسائی کے لنکس

مفتی شہاب الدین پوپلزئی منظر عام سے 'غائب'


مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا (فائل فوٹو)
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا (فائل فوٹو)

ماہ رمضان اور پھر عید کے چاند سے متعلق سرکاری رویت ہلال کمیٹی اور پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی کمیٹی کے درمیان اختلافات شروع ہی سے چلتے آ رہے ہیں اور عموماً اس تاریخی مسجد کے علما اپنے طور پر حاصل کردہ گواہیوں کی بنیاد پر سرکاری کمیٹی سے پہلے ہی چاند نظر آنے کا اعلان کرتے آئے ہیں۔

اس بنا پر مسجد کے خطیب مولانا شہاب الدین پوپلزئی پر تنقید بھی دیکھنے میں آتی رہی ہے لیکن ان کا اصرار رہا ہے کہ وہ شریعی طریقے سے حاصل ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر ہی اعلان کرتے ہیں۔

اب ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ مسجد قاسم علی خان مولانا پوپلزئی گزشتہ دو روز سے مبینہ طور پر لاپتا ہیں اور ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ جمعرات کو اسلام آباد گئے تھے جس کے بعد سے ان کا اپنے گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

اس بارے میں حکام مکمل طور پر خاموش ہیں جب کہ بعض اطلاعات کے مطابق مولانا پوپلزئی بیرون ملک چلے گئے ہیں۔

ان کے قریبی ساتھی اور مسجد کی کمیٹی کے اہم رکن مولانا خیرالبشر بھی پراسرار طور پر منظر سے غائب ہیں۔

تاہم اس مسجد سے وابستہ دیگر علما کی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ مولانا پوپلزئی کی غیرموجودگی کے باوجود روایتی طور پر وہ چاند کی رویت کی شہادتیں جمع کریں گے اور چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اس مرتبہ پشاور میں اتوار کو اجلاس منعقد کر رہی ہے جب کہ مسجد قاسم علی خان سے وابستہ علما ہفتہ کی شام کو ہی اپنی سرگرمی شروع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ رمضان کا آغاز بھی مسجد قاسم علی خان کی طرف سے اعلان کے بعد ملک کے دیگر حصوں کی نسبت ایک روز پہلے ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG