رسائی کے لنکس

آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کامیاب، سیریز نیوزی لینڈ کے نام


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ البتہ نیوزی کی ٹیم سیریز 1-2 سے اپنے نام کرنے کرنے میں کامیاب رہی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے اچھا آغاز فراہم کیا۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ پانچویں اوور میں 40 رنز پر گری جب مارٹن گپٹل ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 16 بالز پر 19 رنز بنا کر حارث رؤف کا نشانہ بنے۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کھیلنے آئے تاہم وہ اگلے ہی اوور میں 45 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کیا تھا۔

کپتان کی پویلین واپسی پر ڈیون کونوے میدان میں آئے۔ وہ میچ میں نیوزی لینڈ کے سب سے کامیاب بلے باز بھی رہے۔ انہوں نے مجموعی اسکور میں 63 رنز کا اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے 45 بالز کا سامنا کیا تھا جب کہ اننگز کے دوران ایک چھکا اور چار چوکے لگائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ آٹھویں اوور میں 58 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب فہیم اشرف نے اوپننگ بلے باز ٹم سیفرٹ بولڈ کیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد ڈیون کونوے کا ساتھ دینے گلین فلپس میدان میں اترے۔ دونوں بلے بازوں نے 14 ویں اوور تک اسکور 109 تک پہنچا دیا تھا۔ البتہ 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر گلین فلپس 20 گیندوں پر 31 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیمز نیشم تھے۔ وہ بھی فہیم اشرف کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے صرف 2 رنز بنائے تھے۔

اننگز کے 19ویں اوور میں اسکاٹ گوگلین 159 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔

میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ آخری اوور میں 169 رنز پر گری جب ڈیون کانوے آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کو فتح کے لیے 174 رنز کا ہدف ملا تھا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے میزبان ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف کو 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یہ سیریز کا پہلا میچ تھا جو پاکستان جیتنے میں کامیاب ہوا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی اننگز کا آغاز کرنے آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹے اوور تک پاکستان کا اسکور 40 تک پہنچا دیا تھا۔ البتہ 40 کے مجموعی اسکور پر حیدر علی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کرنے آئے۔ انہوں نے محمد رضوان کے ہمراہ پاکستان کو مستحکم پوزیشن تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ 14 ویں اوور میں محمد حفیظ 112 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 29 بالز کا سامنا کیا اور 3 چھکے اور دو چوکے بھی لگائے۔

اس کے بعد خوشدل شاہ میدان میں آئے۔ 163 کے مجموعی اسکور پر 17ویں اوور میں خوشدل شاہ 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ فہیم اشرف بھی صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پانچوں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان شاداب خان تھے جو پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 20 ویں اوور میں 171 رنز پر گری جب اوپننگ بلے باز محمد رضوان 89 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

انہوں نے 59 بالز کا سامنا کیا۔ اننگز کے دوران انہوں نے 3 چھکے اور 10 چوکے بھی لگائے۔ اس اننگز پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی انجری کی وجہ سے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔

رواں ہفتے کے اختتام سے پاکستان اور نیوزی لینڈ میں دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ پہلا میچ 26 دسمبر جب کہ دوسرا میچ 3 جنوری سے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

XS
SM
MD
LG