رسائی کے لنکس

ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کی جیت جادوگرنی کی مرہونِ منت؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جادوگرنی کے اس دعوے پر سری لنکن وزیرِ کھیل نے اسے عدالت لے جانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جیت کا سارا مزا جادوگرنی کے اس بیان نے کرکرا کردیا ہے۔

ایشیا کی اہم کرکٹ ٹیم سری لنکا کی کشتی ان دنوں منجدھار میں ہے۔ اسے اب تک کمار سنگا کارا، مہیلا جے وردھنے اور تلکا رتنے دلشان جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کا متبادل نہیں مل سکا ہے۔

رواں سال کے اوائل میں اسے بھارت کے خلاف ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم سری لنکن ٹیم نے پاکستان کے خلاف حالیہ دورے کے دوران ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی لیکن اسے ون ڈے اور ٹی 20 میں بالترتیب پانچ ۔ صفر اور تین ۔ صفر سے وائٹ واش شکست ہوئی۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کی کامیابی کے بعد ایک جادوگرنی نے دعویٰ کیا تھا کہ سیریز میں ٹیم کی جیت اس کے منتروں کی مرہونِ منت ہے کیونکہ ٹیسٹ کپتان دنیش چندیمل نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ان سے جادو ٹونے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

جادوگرنی کے اس دعوے پر سری لنکن وزیرِ کھیل نے اسے عدالت لے جانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جیت کا سارا مزا جادوگرنی کے اس بیان نے کرکرا کردیا ہے۔

لیکن اب سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دنیش چندیمل نے جادو گرنی کے اس دعوے کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو میں دنیش چندیمل کا کہنا تھا کہ حالیہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خلاف حیران کن فتح جادوگرنی کے منتروں کی وجہ سے ہوئی، میچز سے قبل ان سے خصوصی دعائیں لیں کیونکہ وہ ہر ایک سے دعائیں لینے کے لیے تیار رہتے ہیں، چاہے وہ کوئی پادری ہو یا جادوگرنی۔

سری لنکن ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس بہت ٹیلنٹ موجود ہوسکتا ہے لیکن ان کے ٹوٹکوں کی مدد کے بغیر آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔

چندیمل کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے جس جادوگرنی سے رابطہ کیا وہ ایک دوست کی والدہ ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا اور بھارت سمیت ایشیا کے کئی ممالک کے سیاست دان، کاروباری شخصیات اور اسپورٹس اسٹارز کامیابی کے لیے جادو ٹونے اور عملیات پر یقین رکھتے ہیں۔

سری لنکا میں شائقینِ کرکٹ نے اس بیان پر چندیمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے کہا ہے کہ پیش گوئیوں اور پوجا کے باوجود ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں ٹیم کو توہین آمیز شکست ہوئی۔

XS
SM
MD
LG