رسائی کے لنکس

انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے شبہ پر پاکستانی فوجی یونٹوں کو امریکی امداد معطل: نیویارک ٹائمز


انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے شبہ پر پاکستانی فوجی یونٹوں کو امریکی امداد معطل: نیویارک ٹائمز
انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے شبہ پر پاکستانی فوجی یونٹوں کو امریکی امداد معطل: نیویارک ٹائمز

اعلیٰ امریکی حکام نے کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے پاکستانی فوج کے ایسے یونٹوں کو مالی مدد کی فراہمی معطل کر دی ہے جس پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ امریکی انتظامیہ 1997ء میں متعارف ہونے والے اس قانون کو استعمال کر نے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت ایسی بین الاقوامی افواج کو فوجی امداد دینے پر پابندی ہے جن پر مظالم میں ملوث ہونے کا شبہ ہو۔

پاکستانی فوج کے یونٹوں کو جن الزامات کا سامنا ہے اُن میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے دوران نہتے قیدیوں اور شہریوں کو ہلاک کرنا شامل ہیں۔

’نیویارک ٹائمز‘ نے اطلاع دی ہے کہ انٹر نیٹ پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو فلم نے امریکی حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے جس میں پاکستانی فوج کی وردیاں پہنے ہوئے افراد کو چھ نوجوانوں کو قتل کرتے دکھایا گیا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو اپنے فیصلے سے مطلع نہیں کیا ہے گو کہ اعلیٰ پاکستانی سول و فوجی حکام دوطرفہ مذاکرات کے سلسلے میں رواں ہفتے واشنگٹن میں موجود ہیں۔

بات چیت کا یہ عمل جمعہ کو اختتام پذیر ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ امریکہ پاکستان کو افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں تعاون کے لیے دو ارب ڈالر مالیت کے پانچ سالہ منصوبے کی پیشکش کرے گا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اور اِن کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی اس منصوبے کا اعلان کریں گے۔

اس پیشکش کو اُن کوششوں کا حصہ خیال کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نیٹو اور امریکی افواج کی پاکستانی حدود میں حالیہ کارروائیوں کی وجہ سے طرفین میں پائے جانے والے تناؤ میں کمی لانا ہے۔ افغان سرحد پر واقع قبائلی علاقوں میں القاعدہ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی میں پاکستان کے مبینہ پس و پیش پر بھی امریکہ ناخوش ہے۔

XS
SM
MD
LG