پاکستان کی کرکٹ ٹیم نےسری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میںجاری سیریزکا واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19.3 اووروں میں 141 رنز بنائے۔ اننگ کے جارحانہ آغاز کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ چندی مل 56 اور کپتان دلشان 28 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ پاکستانی میڈیم پیسر اعزاز چیمہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے آخری اوور میں یکے بعددیگرے تین کھلاڑیوں کو پولین بھیجا۔ عمرگل نے دو جبکہ سعید اجمل اور محمد حفیظ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز نے 31 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا مگر محمد حفیظ، عمران فرحت اور عمر اکمل کے یکے بعد دیگرآوٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کے درمیان 46 رنز کی شراکت نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
آخری دو اوورز میں 23 رنز درکار تھے، اس موقع پر آفریدی کے فرنینڈس دل ہارا کو 19ویں اوور میں دو چھکوں نے میچ آسان بنا دیا۔ لیکن وہ اسی اوور کی آخری گیند پر 22 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہو گئے۔ ملنگا کے آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 9 رنز چاہیئے تھے، پہلی ہی گیند پر اوورتھرو کی صورت میں ملنے والے چوکے نے میچ کو یک طرفہ بنا دیا اور پاکستان نے تین گیندیں پہلے ہی فتح حاصل کر لی۔ کپتان مصباح الحق 38 بالوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ عمران فرحت نے 19 اور اسد شفیق نے 33 رنز بنائے۔
عمرچیمہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ پاکستان نےسری لنکا کےخلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر، ون ڈے سیریز 4-1 سے جیتی تھی۔