رسائی کے لنکس

پی آئی اے کے چیئرمین کا استعفیٰ منظور، ملازمین کی ہڑتال جاری


جمعرات کو بھی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر ہوائی اڈوں پر پی آئی اے کے ملازمین نے ہڑتال جاری رکھی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی "پی آئی اے" کے چیئرمین کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے شہری ہوابازی کے سیکرٹری کو اس منصب کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

جمعرات کو سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے پی آئی اے کے چیئرمین کا استعفیٰ منظور کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

قومی فضائی کمپنی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف اس ادارے کے ملازمین کی ہڑتال منگل سے جاری ہے اور اسی روز کراچی میں احتجاج کے دوران گولی لگنے سے دو ملازمین کی ہلاکت کا واقعہ بھی پیش آیا۔

بدھ کو ہی پی آئی اے کے چیئرمین نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ "اب وہ خود اس منصب کا حقدار نہیں سمجھتے۔"

جمعرات کو بھی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور دیگر ہوائی اڈوں پر پی آئی اے کے ملازمین نے ہڑتال جاری رکھی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکومت کا موقف ہے کہ حزب مخالف بلاجواز اس معاملے پر سیاست کر رہی ہے کیونکہ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ آئندہ چھ ماہ تک اس ادارے کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔

حزب مخالف کی بڑی جماعتوں نے پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات میں ہم آواز ہونے کا یقین دلایا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے چھ فروری کو ملک گیر احتجاج کی کال بھی دے رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG