رسائی کے لنکس

پاکستان سیاحوں کے لیے 2020 میں پُرکشش مقام


وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے۔

سیاحت اور ثقافت پر نظر رکھنے والے برطانیہ کے مشہور سیاحتی جریدے 'ونڈر لَسٹ' نے پاکستان کو 2020 کے لیے سیاحت کا پُر کشش ملک قرار دیا ہے۔

جریدے نے ایک رپورٹ میں پاکستان کے نو مختلف مقامات کا انتخاب کیا ہے جس میں ہمالیہ کے بلند و بالا پہاڑ، سبزے سے اٹی وادیاں اور سنہری ریت کے میدان سمیت پتھریلے پہاڑ شامل ہیں۔

سیاحوں کے لیے 2020 میں برطانوی جریدے نے پاکستان کے جن حسین مقامات کا احاطہ کیا ہے ان میں بلتورو گلیشیئر، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی وادیٔ نیلم، تھر کے صحرا، سیف الملوک جھیل، وادی ہنزہ، عطا آباد جھیل، ہنگول نیشنل پارک، ٹرینگو ٹاور اور دیسوئی پلینس شامل ہیں۔

میگزین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قدرتی خوبصورتی کے حامل غیر معمولی مقامات ہیں جہاں سیاحوں کو لوگوں کا رش نہیں ملے گا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی برطانوی جریدے کی اس رپورٹ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے۔

اُن کے بقول، "پاکستان کا دامن غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات سے بھرا ہوا ہے۔"

حال ہی میں برطانیہ کے ہی معروف جريدے 'کونڈے نیسٹ ٹريولز' نے پاکستان کو 2020 ميں تعطيلات کے دوران سياحت کے لیے بہترين ملکوں ميں اولين قرار ديا تھا۔

ميگزين کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان ميں 22 ہزار فُٹ کی بلند و بالا چوٹيوں کی تعداد چين اور نيپال سے کہيں زيادہ ہے جو سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔ اسی میگزین نے پرکشش سیاحتی ملکوں کی فہرست ميں برطانيہ کو دوسرے، کرغزستان کو تيسرے، آرمينيا چوتھے اور برازيل کو پانچويں نمبر پر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کا صوبہ خيبر پختونخوا سال 2006 سے 2013 تک دہشت گردی کی لپيٹ میں رہا تھا جس کی وجہ سے باقی ماندہ کاروباری سرگرميوں کے ساتھ یہاں سياحت کے شعبے کو بھی شديد نقصان پہنچا تھا۔

XS
SM
MD
LG