رسائی کے لنکس

پاکستانی کشمیر کی با حوصلہ خاتون ٹور آپریٹر


فہمیدہ فرید اپنا بیشتر کام وہیل چیئر پر انجام دیتی ہیں۔ (فائل فوٹو)
فہمیدہ فرید اپنا بیشتر کام وہیل چیئر پر انجام دیتی ہیں۔ (فائل فوٹو)

فہمیدہ فرید پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی واحد خاتون ٹور آپریٹر ہیں جو معذور بھی ہیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد متحرک زندگی بسر کرنے کے لیے انہوں نے سیاحتی مقامات کے بارے میں بلاگ لکھنا شروع کیا تھا۔

فہمیدہ کہتی ہیں کہ ان کے بلاگ ہٹ ہونے کے بعد انہوں نے 2016ء سے مختلف مقامات کی سیر کے لیے سیاحوں کی آن لائن رہنمائی اور ان کے قیام کے انتظامات کرنا شروع کیے۔

کئی سیاحتی کمپنیاں سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے ان سے معاوضے پر بلاگ تحریر کراتی ہیں۔ خوبصورت مقامات کے بارے میں معلوماتی بلاگز پڑھ کر سیاح ان علاقوں کی سیر کرنے کے لیے ان سے رابطہ کرتے ہیں جنہیں فہمیدہ آن لائن بکنگ کی سہولت مہیا کرتی ہیں۔

پیدائشی طور پر ٹیڑھے پاؤں کی معذوری کی شکار فہمیدہ فرید پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سیاحوں کو سہولتیں مہیا کرنے والے ٹور آپریٹرز کی تنظیم کی واحد خاتون رکن بھی ہیں۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے فہمیدہ کا کہنا تھا کہ معذوری کی وجہ سے وہ باقاعدہ اپنا دفتر تو نہیں چلا سکتی، لیکن سب ٹور آپریٹرز سیاحوں کی رہنمائی کرنے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

پاکستانی کشمیر میں سیاحوں کو خدمات مہیا کرنے والی نجی کمپنیوں کی تنظیم کے ایک عہدے دار ایم ڈی مغل کا کہنا ہے کہ فہمیدہ جانفشانی سے سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے آن لائن بکنگ کرانے والوں کی رہنمائی کرتی ہیں۔

فہمیدہ کو خود بھی سیاحتی مقامات کی سیر کا شوق ہے اور ان کے بھائی اس شوق کی تکمیل میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے محکمۂ سیاحت کے ایک عہدیدار خواجہ رئیس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ محمکے کی طرف سے ٹور آپریٹر کمپنیوں کی رجسٹریشن کی جاتی ہے اور ان کا محکمہ رجسٹرڈ کمپینوں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کرتا ہے۔

پاکستان کا زیرِ انتظام کشمیر اپنی خوب صورت وادیوں اور بلند پہاڑی سلسلوں کے باعث سیاحوں میں خاصا مقبول ہے اور ہر سال لاکھوں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG