رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی میں شدت پسندوں نے دو اسکول نذر آتش کر دیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وسطی کرم کے علاقوں منڈان اور کنڈالی بابا میں رات دیر گئے شدت پسندوں نے دو پرائمری اسکولوں کو آگ لگا دی جس سے یہ عمارتیں مکمل طور جل گئیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں مشتبہ شدت پسندوں نے دو پرائمری اسکولوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا۔

وسطی کرم کے علاقوں منڈان اور کنڈالی بابا میں رات دیر گئے شدت پسندوں نے دو پرائمری اسکولوں کو آگ لگا دی جس سے یہ عمارتیں مکمل طور جل گئیں۔

اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا لیکن اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

قبائلی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کرم ایجنسی میں 60 سے زائد سرکاری اسکولوں کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

شدت پسندوں کے خلاف وسطی کرم میں دو سال سے آپریشن جاری ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہاں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد شدت پسندوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اسکولوں کو نظر آتش کرنے کا یہ واقعہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردانہ حملے کے دو ہفتوں بعد پیش آیا ہے۔

پشاور کے اسکول پر شدت پسندوں کے حملے میں 133 بچوں سمیت 149 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے کسی بھی ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لیے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیات مقررہ تاریخ سے ایک ہفتہ قبل ہی کر دی گئی تھیں جب کہ پنجاب کے علاوہ منگل کو وفاقی نظام تعلیم کے تحت چلنے والے اسکولوں میں ان چھٹیوں میں دس روز کی مزید توسیع کا اعلان سامنے آیا ہے۔

اسی اثنا میں اسکولوں کی سکیورٹی کے بارے میں بھی حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

پشاور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نجیب الرحمٰن نے وائس آف امریکہ کو اس بارے میں بتایا کہ "اس ضمن میں پولیس اور اسکولوں کے نمائندوں نے ملاقاتیں کی ہیں اور اب ایسا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ تھانے سے اہلکار موقع پر پہنچ جائیں گے۔"

دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے منگل کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرف سے اس واقعے پر تعزیت اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG