رسائی کے لنکس

ماحولیاتی کانفرنس میں مدعو نہ کیے جانے پر شور شرابے پر حیران ہوں: عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ میں آب و ہوا میں تبدیلی سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں مدعو نہ کیے جانے پر ہونے والے شور شرابے پر حیران ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا ہفتے کو ٹوئٹس میں کہنا تھا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک اجلاس میں پاکستان کو مدعو نہ کیے جانے پر بلاجواز اعتراضات سن کر حیران ہیں۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا محور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے اور حکومتی پالیسی آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان دینے کے عزم کے عین مطابق ہے۔

عمران خان کا بیان ایک ایسے وقت پر آیا ہے کہ جب امریکہ کے ایلچی برائے ماحولیات جان کیری بھارت، بنگلہ دیش اور ابوظہبی کے دورے پر آ رہے ہیں اور پاکستان اس فہرست میں بھی شامل نہیں ہے۔

اس سے قبل رواں سال 27 مارچ کو ماحولیاتی تبدیلی پر امریکہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیے جانے والے 40 ممالک کے سربراہان کی فہرست سامنے آئی تھی جس میں پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت، چین، بنگلہ دیش سمیت بھوٹان، کینیا اور دیگر ممالک شامل تھے۔ اس کانفرنس میں پاکستان کو دعوت نہیں دی گئی۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی میں ماحولیاتی تبدیلی پر رواں سال 22 اور 23 اپریل کو آن لائن اجلاس ہو گا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ سرسبز پاکستان، 10 ارب درختوں کا سونامی، ماحول دوست اقدامات اور دریاؤں کی صفائی، وغیرہ جیسے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان کے مطابق خیبر پختونخوا سے ابتدا کرتے ہوئے حکومت سات برس کا وسیع تجربہ حاصل کر چکی ہے اور ان پالیسیز کی تعریف و تحسین کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول کوئی ریاست پاکستان کے تجربات سے استفادہ چاہتی ہے تو پاکستان اس کے لیے تیار ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اگر ماحولیاتی تغیرات کے مہلک اثرات سے نمٹنے میں سنجیدہ ہے تو وہ ماحولیاتی تغیرات کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے 2021 میں ہونے والے اجلاس (COP26) میں اپنی ترجیحات کی بھر پور وضاحت کر چکے ہیں۔

پاکستان کے انگریزی اخبار 'ڈان' کی رپورٹ کے مطابق امریکی ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان سمیت ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو تعاون میں شامل کرنا چاہتا ہے۔

اخبار کے مطابق ترجمان نے وضاحت کی کہ آب و ہوا سے متعلق رہنماؤں کا اجلاس اس سے متعلق کئی اہم تقاریب میں سے صرف ایک ہے۔ وہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی عزم کی سطح کو بڑھانے کے لیے حکومتِ پاکستان اور دنیا بھر کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

'پاکستان کو نظرانداز کرنا درست نہیں'

ماہر ماحولیات ڈاکٹر رفیع الحق نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماحولیات کے شعبے میں ایک اہم ملک ہے اور امریکہ کا بعض سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان کو نظر انداز کر دینا درست اقدام نہیں ہے۔

کرونا وائرس سے ماحولیات کو کیا فائدہ ہو رہا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:10 0:00

انہوں نے کہا کہ جب وہ موسمیاتی تبدیلیاں دیکھتے ہیں تو پاکستان میں بہت زیادہ واقعات رونما ہوئے اور نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے بقول پاکستان میں ہونے والی غیر متوقع تبدیلیوں میں پاکستان کا نہیں، دیگر ممالک کا بھی ہاتھ ہے۔

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیرِ اعظم کو اس کانفرنس میں مدعو نہ کیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال نے اسے حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کبھی اتنی سبکی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG