پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
منگل کو دبئی میں مصباح الحق نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان کا انحصار اسپنرز پر ہو گا کیونکہ اُن کے بقول دبئی کی وکٹ دیگر وکٹوں سے مختلف ہے اور اسپنرز کے لیے کافی سازگار ہے۔
انھوں نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی پیش کرنا ہو گی۔ اپنی کارکردگی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ’’میں کافی حد تک مطمئن ہوں، گیند بلے پر آ رہی ہے اور اعتماد بھی بڑھا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سینیئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ مصباح نے کہا کہ سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے تھوڑا بہت فرق پڑتا ہے لیکن آزمائشی میچ میں نئے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور بین الاقوامی ایک روزہ میچوں کی سیریز پوری طرح سے ہار چکا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 22 اکتوبر سے دبئی میں ہو رہا ہے۔