آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں ایک رن سے شکست دے کر ون ڈے سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔
آخری اوور میں، جیت کے لیے دو رن درکار تھے۔ لیکن، ایک بھی رن نہ بنا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر گری، جب شہزاد آؤٹ ہوئے۔
سرفراز نے 32 رنز اسکور کیے، جب کہ اسد شفیق نے 50 رن اسکور کیے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ کا پانسا پلٹنے کی خاصی جستجو کی، جس میں عمر امین کی کوشش شامل ہے۔ وہ 19 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
ادھر، فواد صفر پر پویلین واپس لوٹے۔
اس سے قبل،پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں فتح کے لیے 232 رنز کا ہدف ملا تھا۔
ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔
اسمتھ 77 اور وارنر 56 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی طرف سے سہیل تنویر نے تین، شاہد آفریدی نے دو جب کہ محمد عرفان اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے ہی دو، صفر سے برتری حاصل ہے اور کپتان جارج بیلی کا کہنا تھا کہ وہ تیسرے میچ جیت کر پاکستان کے خلاف کلین سویپ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس میچ میں آرام کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد شاہد آفریدی اس میچ میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے مصباح الحق، رضا حسن، وہاب ریاض اور عمر اکمل کی جگہ انور علی، صہیب مقصود، سہیل تنویر اور عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے ہاتھوں مسلسل شکست پر پاکستانی ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے علاوہ دونوں ایک روزہ میچوں میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔