رسائی کے لنکس

پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ فتح؛ 'یہ وہی کامیابی ہے جس کی ضرورت تھی'


  • پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
  • گرین شرٹس نے 353 رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
  • پاکستان کی جانب سے یہ سب سے بڑے ہدف کا تعاقب ہے۔
  • محمد رضوان اور سلمان آغا نے چوتھی وکٹ پر 260 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی۔
  • سلمان آغا نے 134 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے کریئر کی پہلی سینچری اسکور کی۔

ویب ڈیسک _ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح جنوبی افریقہ کے خلاف سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں کامیابی پر ٹیم کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔ اس جیت کے بعد شائقین کی جانب سے ٹیم پر کی جانے والی تنقید میں بھی کمی آئی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان بدھ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ میزبان ٹیم نے چھ وکٹوں سے اپنے نام کیا ہے۔

پاکستان کی یہ جیت کئی حوالوں سے یاد رکھی جائے گی۔ اس میچ میں پاکستان نے نہ صرف ون ڈے کرکٹ کی اپنی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کیا جب کہ چوتھی وکٹ پر کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے 260 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بھی بنائی۔

رضوان اور سلمان آغا کی ریکارڈ پارٹنرشپ کی بدولت گرین شرٹس نے 353 رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

سلمان آغا 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رضوان نے 122 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

سلمان علی آغا کے ون ڈے کریئر کی یہ پہلی سینچری تھی جس نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد گرین شرٹس نے نہ صرف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے بلکہ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی تیاریاں دکھا دی ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعے کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کا فائنل کھیلا جائے گا اور یہی دونوں ٹیمیں اسی میدان میں 19 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں مدِ مقابل ہوں گی۔

پاکستان ون ڈے ٹیم کی حالیہ کارکردگی نپی تلی رہی تھی اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے بعد شائقین نے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ناموں پر کچھ زیادہ خوشی کا اظہار نہیں کیا تھا۔ کیوں کہ مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا، خوش دل شاہ کی موجودگی پر کئی تجزیہ کاروں نے سوالات بھی اٹھائے تھے۔

تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف اہم موقع پر شاندار سینچری بنانے والے سلمان علی آغا نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کر دکھایا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس وقت سلمان اور رضوان کی بیٹنگ کے چرچے ہیں اور شائقین انہیں داد بھی دے رہے ہیں۔

اسپورٹس کمنٹیٹر عاطف نواز کہتے ہیں کہ رضوان اور سلمان نے بہت شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے جو اس ٹیم کی صلاحیت کا مظہر ہے۔

ان کے بقول وہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ وہ کارکردگی ہے جس کی اشد ضرورت تھی۔

بعض شائقین نے ٹیم کی شاندار کارکرگی پر حیرانی کا بھی اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ میں سوال کیا کہ "یہ اپنی ہی ٹیم ہے ناں؟

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کا کوئی بھی بالر خاطر خواہ کارکردگی پیش نہیں کر سکا تھا۔ لیکن فیلڈنگ کے دوران پروٹیز کپتان ٹمبا باووماکا رن آؤٹ اور میتھیو بریٹزکی کا سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ شاندار تھا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا ہے۔

میچ میں پروٹیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو افریقی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔ باووما 82، میتھیو پریٹزکی 83 اور ہینرچ کلاسان 87 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے آٹھ اوورز میں 72 رنز دیے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 66 رنز کی بدولت دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ 68 رنز کے عوض ایک ہی وکٹ حاصل کر سکے۔ اسی طرح ابرار احمد نے بھی دس اوورز میں 63 رنز دیے۔

XS
SM
MD
LG