رسائی کے لنکس

ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان


احمد شہزاد ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے (فائل فوٹو)
احمد شہزاد ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے (فائل فوٹو)

خرم منظور اس سے قبل ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں رہے اور نہ ہی پاکستان کی پہلی سپر لیگ میں کسی ٹیم میں نامزدگی حاصل کر سکے۔

پاکستان نے ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ مقابلوں کے لیے 15 رکنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں ابتدائی بلے باز احمد شہزاد جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے نمائندگی کے لیے رومان رئیس اور محمد نواز کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

24 سالہ فاسٹ باؤلر رومان رئیس اور 21 سالہ اسپنر نواز پاکستان سپرلیگ میں اپنی کارکردگی سے شائقین کرکٹ اور سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

احمد شہزاد ایک عرصے سے قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا پا رہے جس کی وجہ سے انھیں خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ ان کی جگہ ٹیم میں خرم منظور کو شامل کیا گیا ہے۔

احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کامیاب ثابت نہیں ہو رہے تھے اور گزشتہ 12 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں انھوں نے صرف ایک مرتبہ نصف سینچری اسکور کی۔

خرم منظور اس سے قبل ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں رہے اور نہ ہی پاکستان کی پہلی سپر لیگ میں کسی ٹیم میں نامزدگی حاصل کر سکے۔

لیکن وہ 16 ٹیسٹ اور سات ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور قومی ایک روزہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

صہیب مقصود، محمد رضوان اور عمر گل بھی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے جب کہ پابندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ ماہ ہی بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کے علاوہ افتخار احمد کو موقع دیا جا رہا ہے۔

ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے جب کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد نائب کپتان ہوں گے۔ یہ ٹیم 24 فروری سے بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جس کے بعد یہی کھلاڑی نو مارچ سے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں حصہ لیں گے۔

تاہم پاکستانی ٹیم کے بھارت جا کر یہ میچ کھیلنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا کیونکہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین یہ کہہ چکے ہیں کہ کھلاڑیوں کے تحفظ کے پیش نظر بھارت جانے کی اجازت حکومت دے گی اور ان کے بقول اگر یہ اجازت نہ ملی تو اس ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے میچ کسی متبادل مقام پر کروائے جانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ شاہد آفریدی، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد عرفان، رومان رئیس، وہاب ریاض، محمد نواز، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد عامر، عمر اکمل، سرفراز احمد، عماد وسیم، انور علی اور خرم منظور۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز یعنی ون ڈے کی بجائے ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG