رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 95 رنز سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اب دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز شروع ہو گی جس کا پہلا میچ 25 جنوری کو ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کو 95 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو، ایک سے جیت لی۔

جمعہ کو ولنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی دھواں دار کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے اپنی اننگز میں آٹھ چھکے اور 17 چوکے لگائے۔

کورے اینڈریسن چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں سب سے زیادہ انفرادی رنز تھے۔

دوسرے نمایاں بلے باز گپٹل تھے جنہوں نے 42 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے دو اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

196 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم ابتدا ہی سے بری طرح ناکام نظر آئی اور اس کی وکٹیں یکے بعد دیگر گرتی چلی گئیں۔ صرف سرفراز احمد 44 رنز کے ساتھ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی پوری ٹیم سترہویں اوورز میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی اننگز میں آٹھ چھکے مارے وہاں پاکستان کی ٹیم کی طرف سے واحد چھکا شاہد آفریدی نے لگایا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ملن اور ایلیوٹ نے تین، تین اینڈریسن نے دو اور بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کورے اینڈریسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 16 رنز سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

اب دونوں ملکوں کی ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز شروع ہو گی جس کا پہلا میچ 25 جنوری کو ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG