بالی ووڈ ایکٹر اوم پوری 13ستمبرکو ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم’ ایکٹران لا‘کی پروموشن کے لئے پاکستان آئے اورمیڈیا سے گفتگو میں کھل کرپاکستان فلم انڈسٹری وپاکستانی ٹیلنٹ کی تعریف کی ۔
اوم پوری کا کہنا ہے کہ’ پاکستان ٹیلنٹ سے مالا مال ہے۔’ایکٹر ان لا‘ میری پہلی پاکستانی فلم ہے جس میں، میں نے بہت محنت سے کام کیا ہے۔ فلم کے دوران مجھے احساس ہوا کہ لالی وڈ میں بہت ہی قابل ایکٹر، ڈائریکٹر اور ٹیکنیشنز موجود ہیں۔ میں پاکستان میں اورفلمیں کرنا چاہوں گا چاہے میرا کردار اس میں مختصرہی کیوں نہ ہو۔‘‘
اوم پوری نے مزید کہا کہ ’خدا کے لئے‘،’بول‘ اور’نامعلوم افرا د‘ جیسی فلموں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کوترقی کی راہ پرگامزن کردیا ہے۔’ایکٹران لا‘ میرے کیرئیر کی اہم فلم ثابت ہوگی۔یہ تفریح سے بھرپورفلم ہے جس کا میوزک بھی بہت اچھا ہے۔میں پاکستانی شائقین سے کہوں گا کہ وہ ’ایکٹران لا‘ ضروردیکھیں۔
اوم پوری نے فلم کے ہیرو فہد مصطفی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا ہیرا قرار دیا اور کہا کہ فہد مصطفی کا مقابلہ بالی وڈ کے کسی بھی اداکارسے کیا جاسکتا ہے۔
بھارتی اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’ دونوں ملکوں کے پچانوے فیصد عوام امن چاہتے ہیں ۔مجھے امید ہے ایک دن ہمارے اختلافات ختم ہوجائیں گے اورپاکستانی فلمیں بھارت میں بھی ریلیز ہوا کریں گی۔بھارت میں پاکستانی فلموں کی بڑی مارکیٹ ہے‘‘
’ایکٹران لا ‘کے ہیرو فہد مصطفی اور ہیروئن مہوش حیات نے بھی اپنے پرستاروں سے کہا کہ وہ فلم ضروردیکھیں۔مہوش حیات نے ایکٹر ان لا میں کام کوخوشگوار تجربہ قرار دیا۔
’ایکٹر ان لا‘ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں جبکہ فضا علی مرزا فلم کی پروڈیوسر ہیں۔