فلم، گلیمر، کیمرا، ایکشن، شوٹنگ، میوزک اور ہر نئے دن کے ساتھ بڑھتی فلمی تقریبات اور ان تقریبات میں کبھی مہیش بھٹ، پوجا بھٹ، نصیرالدین شاہ تو کبھی شبانہ اعظمی اور اوم پوری جیسے بھارتی فنکاروں کی کراچی آمد کو دیکھ کر یوں لگتا ہے گویا کراچی مستقبل میں پاکستان کا ’ممبئی‘ ثابت ہوگا۔
جس طرح بالی ووڈ فلموں کی چکاچوند ممبئی کا جیتا جاگتا حوالہ ہے اسی طرح کراچی بھی اب فلموں اور ڈراموں کے حوالے سے پاکستان کا سب سے بڑا حوالہ بنتا جا رہا ہے۔ ’نامعلوم افراد‘ اور اس جیسی کئی فلمیں اور ان کی کامیابی کراچی کو ممبئی جیسی پہچان دینے میں کوشاں ہے۔
وہی نامعلوم افراد کی ٹیم یعنی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر فضا علی مرزا اور نبیل قریشی اب ایک نئی فلم ’ایکٹر ان لا‘ لے کر آ رہے ہیں، جس میں بھارت کے منجھے ہوئے فنکار اوم پوری بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
فلم ’ایکٹر ان لا‘ کے حوالے سے کراچی میں ایک تعارفی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں شرکت کی غرض سے اوم پوری خصوصی طور پر بھارت سے پاکستان آئے تھے۔
’اردو۔ ون پکچرز‘ اور ’فلم والا پکچرز‘ کی جانب سے نئی فیچر فلم ’ایکٹر ان لا‘ کی یہ تعارفی تقریب شہر کے ثقافتی حلقوں کے لئے بہت اہمیت کی حامل رہی اس لئے شہر بھر کا میڈیا اور ’میڈیا مینز‘ اس تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں توقع ظاہر کی گئی کہ فلم ’ایکٹر ان لا‘ پاکستان میں مزاحیہ فلموں کو ایک نئی جہت بخشے گی۔
’ایکٹر ان لا‘ کے ٹریلر کا فلم لورز کو بے صبری سے انتظار ہے، جبکہ فلم کی ریلیز کے حوالے سے کہاجارہا ہے کہ یہ رواں سال عید الاضحی کے موقع پر نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
دعوے سے کہہ رہا ہوں، پاکستان میں معیاری فلمیں بن رہی ہیں
فلم ’ایکٹر ان لا‘ کے مرکزی کرداروں میں اوم پوری کے علاوہ فہد مصطفی ‘مہوش حیات اور علی خان کے نام شامل ہیں۔تقریب میں فلم سے جڑے اہم ستاروں کے ساتھ ساتھ فضاء علی اور نبیل احمد نے بھی شرکت کی اور میڈیا کے نمائندوں کو فلم سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر اوم پوری نے میڈیا نمائندوں سے اپنے دلی جذبات کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بول‘، ’خداکے لئے‘، ’خاموش پانی‘ اور دیگر کئی پاکستانی فلمیں دیکھ کر میں یہ بات دعوے سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان میں بہترین فلمیں بن رہی ہیں۔میں تو چاہوں گا کہ جس طرح بھارتی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہوتی ہیں اسی طرح پاکستانی فلموں کی بھی بھارت میں نمائش ہو۔ اس سے بزنس کوفروغ ملے گا‘۔
دونوں ممالک کے 99 فیصد لوگ ’لبرل‘ ہیں
ایک سوال کے جواب میں اوم پوری کا کہنا تھا ’دونوں ممالک کے 99فیصد لوگ لبرل ہیں اور وہ امن چاہتے ہیں۔حکومتوں کے تعلقات بہتر ہوں گے تو دونوں طرف امن کی فضاقائم ہوگی، دونوں طرف کے لوگ اپنے آباوٴ اجداد کی جنم بھومی اور رشتے داروں و دوست احباب سے ملنے کے لیے ترستے رہتے ہیں لیکن سخت ویزا پالیسی کے باعث یہ خواہشات ادھوری ہیں۔ لہذا، امن کے قیام کے لئے سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔‘
پاکستانی اداکارائیں بھارتی اداکاراوٴں سے زیادہ خوبصورت
ایک موقع پر انہوں نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستانی اداکارائیں ہماری اداکاراوٴں سے زیادہ خوبصورت و دلکش ہیں۔ نوجوان بھارتی فنکاروں کودھن دولت کی لت لگ گئی ہے، وہ شادی کی تقریبات میں ناچ تو لیں گے لیکن پاکستان آنے سے گریز کرتے ہیں۔‘