رسائی کے لنکس

فلم ‘ایکٹر ان لاء‘ کا ٹریلر ریلیز، ایک مکالمے نے محفل گرما دی


فلم کے ہیرو، ہیروئن فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات
فلم کے ہیرو، ہیروئن فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات

تقریب میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب فلم کا ٹریلر دیکھ کر ایک صحافی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ’’ٹریلر میں ایک کردار یہ کہتا دکھائی دیتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح بھی ایکڑ بننا چاہتے تھے‘‘

نئی فلموں کی ریلیز سے پہلے پروموشن اور فلم کے ٹریلرز ریلیز ہونا تو عام بات ہے۔ لیکن، آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کراچی میں ’ایکڑ ان لاء‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر ہونے والی تقریب کس طرح دوسروں سے مختلف اور دلچسپ بن گئی۔

تقریب میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب فلم کا ٹریلر دیکھ کر ایک صحافی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ’’ٹریلر میں ایک کردار یہ کہتا دکھائی دیتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح بھی ایکڑ بننا چاہتے تھے۔‘‘

روایتی ڈگر سے ہٹ کر کئے گئے اس سوال نے محفل میں ایک ہلچل سی مچا دی۔ فلم کے مرکزی کردار فہد مصطفیٰ نے کہا کہ ’’یہ لائن فلم کے کونٹینٹ کا حصہ ہے اور کیونکہ ابھی صرف کچھ حصہ ہی دکھایا گیا ہے اس لئے کچھ غلط نہ سمجھا جائے۔ فلم تفریح سے بھرپور ہے جس میں کوئی ایسی چیز شامل نہیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔‘‘

لیکن،’’کیا محمد علی جناح ایکڑ بننا چاہتے تھے؟‘‘ اس سوال کا تفصیلی جواب ’ایکڑ ان لاء‘ کے ڈائریکٹر نبیل قریشی کے پاس تھا۔ نبیل قریشی نے یہ دلچسپ انکشاف کیا کہ ’’قائد اعظم ایکڑ بننا چاہتے تھے کیونکہ جب وہ قانون کی تعلیم کے لئے لندن گئے تو انہوں نے شکسپئیرکا ڈرامہ کرنے کی کوشش کی اور اس بارے میں اپنے والد کو خط بھی لکھا۔‘‘

فضا علی مرزا، نبیل قریشی اور نینا کاشف
فضا علی مرزا، نبیل قریشی اور نینا کاشف

نبیل نے مزید بتایا کہ جناح کے والد نے ان کو جواباً لکھا کہ ’’تم اپنے خاندان کو دھوکا نہیں دے سکتے‘‘ اور یہی وہ جواب تھا جس کے بعد محمد علی جناح نہ صرف بڑے وکیل بنے بلکہ پاکستان کی آزادی میں بھی بنیادی کردار ادا کیا۔

فلم کی پروڈیوسر فضا علی مرزا کا کہنا تھا ’نامعلوم افراد‘ کے بعد نبیل کے ساتھ یہ ان کی دوسری فلم ہے اور توقع ہے دیکھنے والے اسے بھی پسند کریں گے۔ فلم کو پاکستان بھر میں اور بیرونِ ملک ’اردو پکچرز‘ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کیا جائے گا۔

فلم کی ہیروئن مہوش حیات نے ’ایکٹر ان لا‘ میں کام کو اپنے لئے اعزاز اور خوشگوار تجربہ قراردیا۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ’ایکٹر ان لا‘ دیکھیں اور پاکستانی سینما کو سپورٹ کریں۔

بالی وڈ کے منجھے ہوئے اداکار اوم پوری نے بھی ’ایکٹر ان لا‘ میں اہم کردار نبھایا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب کے شرکا سے بات کرتے ہوئے اوم پوری کا کہنا تھا کہ فلم میں سب نے بہت محنت کی ہے۔انہوں نے فلم کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اوم پوری کی گفتگو کے بعد ’ایکٹر ان لا‘ کا ٹریلر دکھایا گیا وہ بھی ایک مرتبہ نہیں ۔۔۔ دو بار کیوں کہ لوگوں نے اس کی پر زور فرمائش جو کی تھی۔

XS
SM
MD
LG