کراچی ... پاکستانی فلم میکرز سینما کی بحالی کے بعد باکس آفس کلیکشن کی پروا کئے بغیر نت نئے تجربات میں مصروف ہیں اور اس کا ثبوت ہے اردو کے معتبر شاعر میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی فلم ’ماہ میر‘۔
ماہ میر میں مرکزی کردار فہد مصطفیٰ نے ادا کیا ہے، جبکہ ان کی ہیروئن ہیں اداکارہ اور ماڈل ایمان علی۔ چھ مئی کو ریلیز کے لئے تیار ماہ میر کی کہانی سرمد صہبائی نے لکھی ہے اور اسے ڈائریکٹ کیا ہے شہزاد انجم نے۔
فلم کی پروموشن کے سلسلے میں ماہ میر کی کاسٹ اور ڈائریکٹر نے کراچی میں میڈیا سے ملاقات کا اہتمام بھی کیا جس میں انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دئیے۔
فہد مصطفیٰ نے اس عنوان پر فلم بنانے کو ایک جراٴت مندانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا ’ جب انجم شہزاد نے مجھ سے رابطہ کیا تو مجھے تھوڑا عجیب لگا، کیونکہ میں سندھی بولنے والا ہوں اور فلم اردو کے کلاسک شاعر کی کہانی ہے۔لیکن، میں یہ جانتا ہوں کہ انڈسٹری میں موجود بہت سے اردو بولنے والوں سے میری اردو بہت اچھی ہے۔ سو، میں نے کردار قبول کرنے میں دیر نہیں لگائی۔‘‘
فہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’تلفظ بہتر بنانے کے لئے بہت محنت کی جس میں سرمد صہبائی نے میری مدد اور رہنمائی کی۔ ’ماہ میر‘ صرف شاعری پر مبنی فلم نہیں بلکہ محبت کے جذبے سے بھرپور لو اسٹوری ہے۔‘‘
ماہ میر کے رائٹر سرمد صہبائی نے امریکہ سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر کوئی یہی سوال پوچھتا تھا کہ آپ میر تقی میر پر فلم کیوں بنا رہے ہیں؟ یہ سوال اتنی مرتبہ پوچھا گیا کہ فلم کا تھیم بن گیا۔ میر تقی میر پر فلم بنانے کا مقصد پرانے اور جدید دور کے معاشرے کی تبدیلیوں کو دکھانا ہے جس میں میر کو ثقافتی نمائندے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔‘‘
صہبائی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی لوگوں نے فلم سے متعلق باتیں کرنا شروع کردیں اورنوجوان نسل بھی اب میر اور اس دور کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔‘‘
ماہ میر کی ہیروئن ایمان علی نے کہا ’’یوں تو میں پہلے بھی فلمز میں کام کر چکی ہوں، لیکن جس طرح انجم شہزاد نے فلم پر محنت کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ مجھے فلم کی کامیابی کی پوری امید ہے۔‘‘
ماہ میر کی کاسٹ میں شامل علی خان نے اپنے آپ کو فلم کا حصہ بننے کو بڑا اعزاز قرار دیا، جبکہ ہما نواب کا کہنا ہے کہ فلم بہت خوبصورت انداز میں پیش کی گئی ہے۔‘‘
’می رقصم میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی جانب سے ماہِ میر کے کلام "اس کا خرام" کی ویڈیو بھی لانچ ہو چکی ہے۔ فلم کو پاکستان بھر میں ’ہم فلمز‘ اور ’ایور ریڈی گروپ آف کمپنیز‘ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کیا جائے گا۔
فلم ’ماہِ میر‘ کا خوبصورت میوزک دیا ہے شاہی حسن نے جبکہ فلم میں فہد مصطفیٰ اپنی فنی زندگی کا اب تک کا سب سے چیلنجنگ کردار ادا کر رہے ہیں۔