رسائی کے لنکس

کانگریس جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے معاہدے کی توثیق کرے: صدر اوباما


کانگریس جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے معاہدے کی توثیق کرے: صدر اوباما
کانگریس جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے معاہدے کی توثیق کرے: صدر اوباما

ہفتے کے روز اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ روس کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کی توثیق ملک کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری ہے اور یہ کوئی سیاسی پوائنٹ بنانے کا معاملہ نہیں ہے۔

صدر کا کہناتھا کہ سٹرٹیجک ہتھیاروں پر کنٹرول کے معاہدے کے بغیر امریکہ کے لیے یہ ممکن نہیں ہوگا کہ وہ موقع پر جاکر روسی جوہری ذخیروں کا معائنہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش سمیت بقید حیات ہر سابق ری پبلیکن وزیر خارجہ نے روس کے ساتھ سٹارٹ نامی معاہدے کے حق میں بات کی ہے۔

صدر براک اوباما نے ہفتے کے روز امریکی قانون سازوں کو دوبارہ یقین دلایا کہ روس کے ساتھ ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدے سے میزائلوں کے خلاف امریکی دفاعی نظام کی تعمیر کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

سینیٹ کے اکثریتی راہنما ہیری ریڈ کو بھیجے گئے ایک خط میں مسٹر اوباما نے کہا کہ جب تک وہ صدارت کے عہدے پر موجود ہیں، امریکہ میزائلوں کے خلاف مؤثر دفاعی نظاموں کی تیاری اور تنصیب جاری رہے گی۔

ہفتے کے روز امریکی سینیٹ نے حزب اختلاف ری پبلیکنز کی جانب سے سٹرٹیجک ہتھیاروں میں تخفیف کے معاہدے میں تبدیلی کی کوشش37 کے مقابلے میں 59 ووٹوں سے ناکام بنا دی۔ اس معاہدے پر اس سال اپریل میں مسٹر اوباما اور روسی صدر دیمتری میدویدف نے دستخط کیے تھے۔ معاہدے میں کسی تبدیلی کا مطلب روس کے ساتھ دوبارہ مذاکرات پر مجبور ہونا ہے۔

ری پبلیکنز معاہدے میں سے وہ الفاظ نکالنا چاہتے ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ میزائل کے دفاع سے متعلق امریکی آپشن محدود کرتے ہیں۔

سینیٹ کے موجودہ اجلاس سے ،جو جنوری میں ختم ہورہاہے، معاہدے کی توثیق کرانا مسٹر اوباما کے ترجیحات میں سے ایک ہے۔

معاہدے کے موجودہ مسودے کو توثیق کے لیے 67 ووٹ درکار ہیں۔ ہفتے کے روز اس کے حق میں ڈالے جانے والے 59 ووٹوں سے یہ سوال کھڑا ہوگیاہے کہ آیا مسٹر اوباما کی ڈیموکریٹ معاہدے کی توثیق کے درکار ری پبلیکز کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

سٹارٹ نامی معاہدہ امریکہ اور روس دونوں سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سات سال میں سٹرٹیجک ہتھیاروں کی تعداد گھٹا کر اسے 1550 تک لے آئیں۔

XS
SM
MD
LG