رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد


صدر اوباما کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد
صدر اوباما کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد

امریکہ کے صدر براک اوباما نے امریکہ اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اس خوشی کے موقع پر قرنِ افریقہ میں قحط کے شکار افراد کو یاد رکھا جائے۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ اپنی اور اپنی اہلیہ مشیل اوباما کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

صدر کے بقول کئی دیگر مذاہب کی طرح اسلام میں بھی روزہ درحقیقت روحانیت میں اضافے، نظم و ضبط اور خدا کی رحمت کے حصول کا ذریعہ ہے جبکہ "یہ ہمیں اپنے سے کم تروسائل والے افراد کی مدد کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے"۔

صدر اوباما کے بقول "صومالیہ اور قرنِ افریقہ کے قحط کے شکار خاندانوں اور بچوں کے دل گرفتہ کردینے والے حالات اور تصاویر ہمیں انسانیت کے مشترکہ اثاثہ کی یاد دلاتے ہیں اور ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم ان لوگوں کے لیے کچھ کریں"۔

صدر نے کہا کہ دنیا بھر کی قوموں اور افراد کو اس انسانی المیہ سے بچنے کے لیے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں میں اپنی مدد اور اعانت شامل کرنی چاہیے۔

اپنے بیان میں صدر اوباما کا کہنا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں بسنے والے مسلمان پورا سال ماہِ رمضان کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں جو ان کے لیے ایک خوشی بن کر آتا ہے۔

صدر اوباما کے بقول "ماہِ رمضان کے دوران مسلم خاندان اور کمیونیٹز افطار اور نمازوں کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں اور رباط سے جکارتہ تک کے بازار چمک اٹھتے ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مسلمان بھی ہر برس رمضان کی روایات میں اپنے پڑوسیوں، طلباء اور دیگر ساتھیوں کو شریک کرتے ہیں۔

بیان میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ ہر برس کی طرح اس سال بھی وائٹ ہاؤس میں مسلمانوں کے اعزاز میں افطار عشائیہ کی میزبانی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG