رسائی کے لنکس

دو سوبرس قبل صدر تھامس جیفرسن کی وہائٹ ہاؤس میں پہلی افطار


صدر تھامس جیفرسن کے زیر استعمال قران کی کاپی لائبریری آف کانگریس میں
صدر تھامس جیفرسن کے زیر استعمال قران کی کاپی لائبریری آف کانگریس میں

مسلمانوں کے اعزاز میں 2010ء میں وہائٹ ہاؤس میں دیے گئے افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر براک اوباما نے کہا تھا کہ ماہِ رمضان اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ اسلام ہمیشہ سے ہی امریکہ کا حصہ رہا ہے۔

صدر اوباما نے گزشتہ برس منعقد ہونے والی اس سالانہ روایتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی تاریخ کے ایک ایسے گوشے سے پردہ اٹھایاتھا جو اتنا معروف نہیں رہا۔ انہوں نےاپنے خطاب میں وہائٹ ہاؤس میں دیے جانے والے سالانہ افطار عشائیہ کی تاریخ بیان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا تھا۔

ان کے بقول، "امریکہ میں پہلے مسلمان سفیر – جن کا تعلق تیونس سے تھا- کے اعزاز میں اس وقت کے امریکی صدر تھامس جیفرسن نے افطار عشائیہ کا اہتمام کیا تھا کیونکہ وہ مہینہ رمضان کا تھا۔ دو سو برس قبل صدر جیفرسن کی جانب سے اپنے مہمان کے اعزاز میں دی جانے والی یہ ضیافت وہائٹ ہاؤس میں دیا گیا پہلا افطار عشائیہ تھا"۔

یہ تاریخی افطار ڈنر 9 دسمبر 1805ء کو وہائٹ ہاؤس کے مہمان سیدی سلیمان میلملی کے اعزاز میں دیا گیا تھا جو عثمانی سلطنت میں شامل صوبہ تیونس کے گورنر کے سفیر تھے۔ انہوں نے بحیثیت سفیر واشنگٹن میں چھ ماہ تک خدمات انجام دیں۔

میلملی کے دورہ امریکہ کا مقصد بربری ریاستوں کی جانب سے امریکی تجارتی جہازوں پر قزاقانہ حملوں اور طرابلس کے امریکی محاصرے کی خلاف ورزی کی کوششیں کرنے والے تیونسی بحری جہازوں کو پکڑے جانے کے سبب کھڑے ہونے والے تنازعات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا تھا۔

میلملی رمضان کے مہینے میں امریکہ پہنچے تھے۔ جب امریکی صدر جیفرسن نے انہیں صدارتی محل میں دعوت دی تو ان کے مذہبی عقیدے کے احترام میں صڈر کی ہدایت پر ضیافت کا روایتی وقت 3:30 بجے دوپہر سے بڑھا کر غروبِ آفتاب کردیا گیا تھا۔

کہا جاتا ہے کہ صدر جیفرسن کی اسلام کے بارے میں معلومات انہیں قانون کے مطالعے کے دوران میں حاصل ہوئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ 1765ء میں صدر جیفرسن نے اپنی ذاتی لائبریری کے لیے دو جلدوں پر مشتمل انگریزی ترجمہ قرآن بھی خریدا تھا۔ بعد ازاں صدر جیفرسن کی یہی لائبریری 1815ء میں موجودہ لائبریری آف کانگریسکے قیام کی بنیاد بنی تھی۔

XS
SM
MD
LG