رسائی کے لنکس

محبت اور سیاست کے گر د گھومتی نئی ڈرامہ سیریل، ’بھول‘


کہانی کا ایک اہم کردار سردار جہانزیب اپنی سیاسی ساکھ کو دوسری بیوی پر ترجیح دیتا ہے اور اسے قتل کرا دیتا ہے

کہتے ہیں محبت اور سیاست کا ’چھتیس کا آکڑا‘ ہے۔۔ محبت کرنے والے پنچھی بغیر کچھ سوچے سمجھے ہواوٴں میں اڑنے لگتے ہیں۔ لیکن، جیسے ہی انہیں کوئی گھاٹ نظر آتا ہے اور وہ پانی پینے نیچے اترتے ہیں، ’سیاسی وڈیرے‘ انہیں قید کرلیتے ہیں۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’ہم‘ سے ان دنوں ’بھول‘ کے نام سے جو ڈرامہ سیریل شروع ہوئی ہے اس کی کہانی بھی اسی محبت اور سیاست سے جڑی ہے۔ سیریل سیاسی ساکھ کو بچانے کی خاطر رشتوں کو روندے جانے کی بھرپور عکاسی ہے۔

’ہم‘ کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری تفصیلات کے مطابق کہانی کا ایک اہم کردار سردار جہانزیب اپنی سیاسی ساکھ کو دوسری بیوی پر ترجیح دیتا ہے اور اسے قتل کرا دیتا ہے جس کے بعد اس کی بیٹی حرا نفسیاتی مریض بن جاتی ہے۔

اس کہانی کے دو کردار ایاز اور نادیہ بھی ہیں جو اپنے خاندانوں کے درمیان سیاسی دشمنی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوکر شادی کرلیتے ہیں۔

کچھ وقت گزرنے کے بعد، ایاز کے والد اپنے بیٹے کو معاف کرکے اس کی ملاقات سردار جہانزیب سے کراتے ہیں۔ لیکن یہیں ان سے وہ ’بھول‘ ہوجاتی ہے جو آخرکار بہت سنگین ثابت ہوتی ہے۔ کہانی کا تانا بانا اسی ’بھول‘ کے گرد گھومتا ہے۔

سیریل کی ہدایات اسد ملک نے دی ہیں، جبکہ اسے تحریرکیا ہے سید وصی شاہ نے۔ اداکاروں میں شامل ہیں حیا سہگل، فضیلہ قاضی، مظہر علی، زینب قیوم، سارہ علی، فرح شاہ، انس علی، بہروز سبزواری، شہروز اور سلیم شیخ۔
XS
SM
MD
LG