امریکہ میں مقیم نیپالی تارکین وطن کو ملک میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لئے، امیگریشن ایمنسٹی دے دی گئی ہے، جس کے تحت انھیں عارضی ورک پرمنٹ جاری کردئے جائیں گے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے جاری کردہ ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے یہ فیصلہ خالص انسانی بنیادوں پر کیا ہے۔ فیصلے سے بدترین زلزلہ سے متاثر ہونے والے ملک نیپال کے امریکہ میں مقیم 15000 سے زائد تارکین وطن کو عارضی رہائشی اسٹیٹس مل جائے گا۔ اس کے بعد، دستاویزات سے محروم نپالی تارکین وطن عارضی ورک پرمٹ حاصل کرسکیں گے، جو 18 ماہ کی مدت کا ہوگا جس میں بعد میں مزید 18 ماہ کی توسیع کی جاسکے گی۔
ایمنسٹی کے لئے 24 جون کو جاری ہونے والے نوٹس کی میعاد 24 دسمبر 2016ء تک کی ہے، جس میں امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کے تحت ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر نے نیپال کو خصوصی اسٹیٹس کے لئے نامزد کیا ہے، تاکہ امریکہ میں مقیم نیپالی اپنے ہم وطنوں کی مدد کرسکیں۔ ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جو نپالی 24 جون 2015 سے امریکہ میںٕ مقیم ہیں اور ان کے پاس امیگریشن دستاویزات موجود نہیں، وہ قانونی حثیت حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ یہ ایمنسٹی قدرتی آفات اور جنگوں کی وجہ سے متاثرہ ممالک کے تارکین وطن کو دیتا ہے۔
اس سے پہلے زمینی حقائق کا جائزہ لے کر، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی زلزلہ متاثرہ ہٹی اور دیگر ممالک کو بھی یہ سہولت دے چکا ہے، جہاں قدرتی آفات کے نتجے میں آنے والی تباہی سے نمٹنے میں امریکہ میں مقیم اس ملک کے باشندوں نے اپنا کردار ادا کیا۔
امریکہ میں مقیم نپالی کمیونٹی کے رہنما، نیپال امریکن جرنلسٹ اسوسی ایشن کے سربراہ، گوتم دھال نے امریکی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے نپالی کمیونٹی کے لئے ایک تاریخی واقعہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے 15000 ایسے نیپالیوں کو فائدہ پہنچے گا جو دستاویزات کی عدم موجودگی کے باعث زلزلہ متاثرہ اپنے پیاروں سے ملنے اپنے وطن نہیں جاسکتے تھے۔
نیپالی کمیونٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کے لئے امریکی حکومت کی یہ سہولت بڑی رعایت ہے۔ اس کے حصول کے لیے، کمیونٹی نے بڑی تگ و دو کی؛ جب کہ تمام نپالی تنظمیوں کے اتحاد نے کانگریس مین اور سینیٹرز کو خطوط لکھے اور ان سے ملاقات کرکے اپنا مقدمہ ان کے سامنے پیش کیا۔
گوتم دھال نے ایمنسٹی ملنے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔