رسائی کے لنکس

ریلی کا تیسرا روز، نواز شریف کا جی ٹی روڈ پر سفر جاری


جمعرات کو راولپنڈی کے کچہری چوک سے نکلنے کے بعد قافلے میں شامل گاڑیوں نے رفتار پکڑ لی ہے اور وہ جی ٹی روڈ پر آنے کے بعد تیزی سے جہلم کی طرف روانہ ہیں۔

سابق وزیر اعظم، نواز شریف نے گجرات پہنچنے کے بعد اپنے حامیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ اُن کی نا اہلی کے فیصلے کو عوام نے قبول نہیں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ اُنھیں اس طرح نکالا گیا ہے۔

اُنھوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ ’’میرے پیغام کا انتظار کرنا‘‘۔ تاہم، اُنھوں نے مزید وضاحت نہیں کی کہ اُن کا آئندہ کا لائحہٴ عمل کیا ہوگا۔

نواز شریف نے جلسے سے خطاب میں اپنے حامیوں سے سوال کے انداز میں کہا کہ کیا اُنھیں گھر بیٹھ جانا چاہیئے۔ لیکن، جب اُن کے حامیوں نے کہا کہ نہیں، تو سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’’ہم سب اس نظام کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں گے۔‘‘

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کروڑوں عوام نے اُنھیں ووٹ دے کا وزیر اعظم منتخب کیا اور ’’پانچ لوگوں نے نواز شریف کو رسوا کرکے اُس دفتر سے باہر نکال دیا۔‘‘

نواز شریف کی ریلی کے دوران گاڑی کی ٹکر سے بچہ ہلاک

جہلم سے گجرات تک کے سفر کے درمیان، نواز شریف کی ریلی میں شامل ایک گاڑی کی ٹکر سے 12 سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقامی پارٹی سے قیادت کو متاثرہ خاندان سے فوری رابطے کی ہدایت کی۔

XS
SM
MD
LG