رسائی کے لنکس

پاکستان میں رویت ہلال کا تنازع اور فواد چوہدری کی تجویز


پاکستان میں رویت ہلال کے مسئلے پر تنازع برسوں سے ہے۔
پاکستان میں رویت ہلال کے مسئلے پر تنازع برسوں سے ہے۔

پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان میں رویت ہلال سے متعلق تنازعے کے حل کے لئے نئی تجاویز دی ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماہرین فلکیات اور موسمیات کے اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو پاکستان میں قمری کیلنڈر مرتب کرے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رمضان، عیدالفطر اور محرم کے موقع پر ہمیشہ رویت ہلال کے معاملے پر اختلافات سامنے آتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان اختلافات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کے اراکین پرانی ٹیکنالوجی کے ذریعے دوربین سے چاند دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تو کیوں نہ جدید سائنسی علوم کو استعمال میں لا کر 'قمری کیلنڈر' بنا لیا جائے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ وہ یہ تجاویز کابینہ میں پیش کریں گے اب یہ کابینہ پر منحصر ہو گا کہ وہ ان تجاویز پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔

پاکستان میں رویت ہلال کے معاملے پر اختلافات کی ایک طویل تاریخ ہے۔ ایسا بہت کم دیکھنے میں آیا ہے جب پورے ملک میں رویت ہلال کے معاملے پر اتفاق رائے ہوا ہو۔

پشاور کی مسجد قاسم خان اور رویت ہلال

عام طور پر پشاور اور قبائلی علاقہ جات میں سعودی عرب کے ساتھ ماہ رمضان کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں پشاور کی مسجد قاسم خان ہر سال ہی ماہ رمضان اور عید الفطر سے قبل شہ سرخیوں میں آتی ہے۔

یہاں کے مولانا مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے اس بار پھر سعودی عرب کے مطابق ماہ رمضان کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

​گذشتہ روز مسجد قاسم خان میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں رویت ہلال سے متعلق 22 شہادتیں موصول ہوئیں لہذا 6 مئی کو پہلا روزہ ہو گا۔

شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی شہادتیں موصول ہونے کے باوجود مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کے چاند کا سرکاری سطح پر اعلان نہیں کیا۔

مسجد قاسم خان کے فیصلوں کو بعض اوقات خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کی بھی تائید حاصل رہی ہے۔ یوں یہ معاملہ وفاقی اور صوبائی سطح پر بھی اختلافات کا شکار رہا ہے۔

رویت ہلال ہے کیا؟

اسلامی طریقہ کار کے مطابق اگر مطلع صاف ہو اور جم غفیر چاند دیکھنے کی تصدیق کرے تو اسے درست تسلیم کیا جائے گا۔

جامعہ نعیمیہ لاہور کے مفتی راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی پاکستان میں ماہرین فلکیات، سائنسدان اور محکمہ موسمیات سے وابستہ اراکین شامل ہوتے ہیں۔ فواد چوہدری کس نئی کمیٹی کی بات کر رہے ہیں۔

راغب نعیمی کا کہنا تھا کہ رویت اور پیش گوئی میں فرق ہے۔ قمری کیلنڈر پیش گوئی کر سکتا ہے لیکن اسلامی طریقہ کار کے مطابق رویت ضروری ہے۔

مفتی راغب نعیمی کے مطابق مفتی پوپلزئی کی جانب سے کیا گیا اعلان غیر قانونی ہے ہمیں ہر صورت سرکاری سطح پر قائم کمیٹی کے فیصلوں کو تسلیم کرنا چاہیئے۔ یہ حکومت کی کمزوری ہے کہ وہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کروا پاتی۔

XS
SM
MD
LG