بھارت کے وزیر اعظم نریندرا مودی امریکہ کے دو روزہ دورے پر 29 ستمبر کو واشنگٹن پہنچیں گے۔
وائٹ ہاوس پریس سکریٹری نے منگل کو ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ صدر براک اوباما اور بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی ستمبر 29 اور 30 کو وائٹ ہاوس میں ملاقات کریں گے۔
دونوں سربراہان باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر گفتگو کریں گے، جس کا مقصد امریکہ بھارت اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں لیڈر معاشی افزائش کو فروغ دینے، سکیورٹی تعاون کو تقویت دینے پر بات چیت کریں گے؛ اور ایسی کارروائیوں میں تعاون کریں گے جن کے باعث دونوں ممالک اور دنیا کو طویل مدتی فوائد حاصل ہوں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بات چیت میں علاقائی معاملات پر بھی دھیان مرتکز رہے گا، جن میں افغانستان، شام اور عراق کی موجودہ صورت حال کو زیر غور لانا شامل ہوگا، جہاں مثبت نتائج کے حصول کے لیے بھارت اور امریکہ پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے شہریوں اور دنیا کے فائدے کے لیے، صدر اوباما بھارتی وزیر اعظم مل کر 'امریکہ بھارت اسٹریٹجک پارٹنرشپ' کا عہد پورا کرنے کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔