رسائی کے لنکس

باکسر مائیک ٹائی سن رنگ میں واپسی کے لیے تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئن مائیک ٹائی سن نے دوبارہ ٹریننگ شروع کردی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ وہ اس سال رنگ میں واپس آسکتے ہیں۔

پیر کو انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا، ''آئی ایم بیک''، یعنی میں واپس آگیا ہوں۔

53 سالہ ٹائی سن نے گزشتہ ہفتے بھی ٹریننگ کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں ان کے ماضی کی برق رفتاری اور قوت کی جھلک دیکھی جاسکتی تھی۔ اس ویڈیو کے بعد ان کے بارے میں پیش گوئیاں شروع کردی گئی تھیں۔

سابق چیمپئن نے پیشہ ور باکسنگ میں واپسی کی بات نہیں کی۔ لیکن کہا ہے کہ وہ چیریٹی کی غرض سے چند نمائشی مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

اس کے بعد ان کے پرستاروں اور مبصرین ان ناموں پر غور شروع کر دیا جو مائیک ٹائی سن کے مدِ مقابل آ سکتے ہیں۔ چند لوگوں نے نیوزی لینڈ کے رگبی اسٹار سونی بل ولیمز کا نام لیا اور کچھ نے آسٹریلیا کے رگبی پلیئر پال گیلن کا۔ یہ دونوں کھلاڑی کچھ مدت کے لیے باکسنگ کرچکے ہیں۔

بعض لوگوں نے ایونڈر ہولی فیلڈ کا نام بھی تجویز کیا جو کئی بار مائیک ٹائی سن کے مقابل آئے اور ہر بار کوئی نیا تنازع کھڑا ہوا۔ ایک بار مائیک ٹائی سن نے ان کے کان پر کاٹ لیا تھا۔

ٹائی سن کیریئر کے دوران بھی شہ سرخیوں میں رہتے تھے اور اب بھی آئے دن خبروں میں آتے رہتے ہیں۔ حال میں ان کی ایک تصویر سامنے آئی جس میں وہ موجودہ باکسنگ چیمپئن برطانیہ کے ٹائی سن فیوری کے ساتھ تھے۔

ایک اور فوٹو میں وہ اور ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کو گلوز پہنے آمنے سامنے دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن ٹائی سن نے مذاقاً کہا کہ وہ رنگ میں سیرینا کا سامنا نہیں کر پائیں گے۔

مائیک ٹائی سن 20 سال میں عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بننے والے دنیا کے کم عمر ترین باکسر تھے۔ انھوں نے اپنے اولین 19 مقابلے ناک آؤٹ کی بنیاد پر جیتے تھے جن میں سے 12 پہلے راؤنڈ میں ہی نمٹ گئے تھے۔

وہ پہلے باکسر تھے جو باکسنگ کی تینوں تنظیموں کے مشترکہ چیمپئن بنے۔ بعد میں ریپ کے الزامات پر انھیں جیل جانا پڑا اور وہیں انھوں نے اسلام قبول کرکے اپنا نام ملک عبدالعزیز رکھا۔

XS
SM
MD
LG