رسائی کے لنکس

’صرف ایک مُکا کسی کی پوری زندگی بدل سکتا ہے‘


میکسِم داداشیو 140 پونڈ کی باکسنگ فائٹ میں اپنے مخالف کو 0-13 سے ہرانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے تھے۔
میکسِم داداشیو 140 پونڈ کی باکسنگ فائٹ میں اپنے مخالف کو 0-13 سے ہرانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے تھے۔

روس کے مشہور باکسر میکسِم داداشیو امریکہ میں ہونے والی ایک باکسنگ فائٹ میں شدید زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ہیں۔

روسی باکسنگ فیڈریشن کے مطابق میکسِم جمعے کو میری لینڈ میں ہونے والی فائٹ میں شدید زخمی ہو گئے تھے جو اب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

روسی باکسر میکسِم داداشیو نے اپنی آخری لڑائی امریکہ میں سُبریل متیا نامی باکسر سے لڑی جس میں وہ حریف باکسر کے حملوں سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

میکسِم کی عمر 28 سال تھی۔ انہیں دماغ میں شدید چوٹیں لگنے کے بعد فوری طور پر واشنگٹن کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے دماغ کا آپریشن کیا گیا۔ لیکن آپریشن کے باوجود وہ جاںبر نہیں ہو سکے۔

لڑائی کے دوران روسی باکسر کے دماغ میں چوٹ لگنے کے بعد ان کے کارنرمین جیمس مِک گرٹ نے گیارہویں راؤنڈ میں کھیل کو روک دیا تھا۔

جیمس مِک گرٹ نے باکسنگ فائٹ کے بعد بتایا کہ وہ اپنے روسی فائٹر میکسِم داداشیو کو لڑائی روکنے پر قائل نہیں کر سکے۔ لیکن، جب انہوں نے میکسِم کو مسلسل مار پڑتے اور زخمی ہوتے دیکھا تو انہوں نے لڑائی روکنے کا فیصلہ کیا۔

مِک گرٹ کا کہنا تھا کہ ایک مُکا کسی شخص کی پوری زندگی بدل سکتا ہے۔

’میڈ میکس‘ کے نام سے پکارے جانے والے روسی باکسر میکسِم لڑائی کے بعد ڈریسنگ روم تک چلنے کے قابل بھی نہیں تھے اور انہیں اُٹھا کر اسپتال پہنچایا گیا تھا۔

میکسِم کے دماغ پر سوجن آ جانے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کے دماغ کا آپریشن کیا تھا۔

داداشیو کے کوچ ڈوناتس نے ان کے آپریشن کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ میکسِم کی حالت نازک ہے۔ لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر ہیں۔

روس کے باکسنگ چیف عمر کرملوف نے روسی میڈیا کو بتایا ہے کہ باکسر کی میت کو پورے اعزاز سے وطن واپس لایا جائے گا اور ان کے اہل خانہ کی مالی مدد کی جائے گی۔

میکسِم داداشیو 140 پونڈ کی باکسنگ فائٹ میں اپنے مخالف کو 0-13 سے ہرانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے تھے۔

XS
SM
MD
LG