برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ اور ڈچز آف سسیکس میگھن مرکل کا پہنا ہوا عام سا جے کریو ڈینم لباس دو دن میں فیشن بن گیا۔
132 برطانوی پاؤنڈ مالیت کا یہ لباس 38 سالہ میگھن مرکل نے ہفتے کے روز یو ایس اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں اپنی دوست سرینا ولیمز کا میچ دیکھنے کے لیے زیب تن کیا تھا۔
یو ایس چیمپئن شپ کے میچ کے دوران ڈچز آف سسیکس میگھن مرکل کو اس عام سے لباس میں ملبوس دیکھ کر برطانوی شاہی خاندان کے پرستاروں نے اس لباس کی خریداری آن لائن شروع کر دی۔
رپورٹس کے مطابق ایک دم بہت زیادہ مانگ بڑھنے کے بعد اس لباس کو فروخت کرنے والوں نے آن لائن شاپنگ پورٹل ‘ای بے’ پر اسے دگنے داموں میں فروخت کرنا شروع کر دیا۔
میگھن مرکل کی اس میچ میں ایک جھلک دیکھنے کے بعد نیلے رنگ کے اس ڈینم لباس کو برطانوی شاہی خاندان کے پرستار 280 برطانوی پاؤنڈز میں بھی خریدتے خوش نظر آ رہے ہیں۔
مبصرین کے مطابق میگھن کا اس ڈریس کا چناؤ ان کے روّیے میں ایک بدلاؤ کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ وہ ہمیشہ برانڈڈ ملبوسات استعمال کرتی تھیں۔
میچ کے دوران ڈچز آف سسیکس نے نیلے جے کریو ڈینم لباس کے اوپر سامنے سے کھلا سادہ سُرمئی کوٹ اور وضع دار سرمئی رنگ کا بیگ تھام رکھا تھا۔
میگھن مرکل جمعے امریکہ کے شہر نیو یارک پہنچی تھیں۔ جہاں انہوں نے یو ایس اوپن کا فائنل میچ دیکھنا تھا۔ یہ میچ امریکہ کی سرینا ولیمز اور کینیڈا کی بیونکا انڈریسکیو کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میں میگھن مرکل کی دوست سرینا ولیمز کو کینیڈا کی 19 سالہ کھلاڑی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔
برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' کے مطابق میگھن کے لیے آخری وقت میں خریدی گئی برٹش ایئرویز کی ریٹرن ٹکٹ 6 ہزار برطانوی پاؤنڈ کی تھی اور چونکہ ایک سکیورٹی اہلکار میگھن کے ساتھ سفر کرتا ہے۔ اس لیے جہاز کی دو ٹکٹس پر ٹوٹل 12 ہزار پاؤنڈ خرچہ آیا ہوگا۔