رسائی کے لنکس

برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن کے ہاں بیٹے کی پیدائش


ہیری اور میگھن مرکل (فائل فوٹو)
ہیری اور میگھن مرکل (فائل فوٹو)

برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی شریکِ حیات میگھن مرکل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

شہزادہ ہیری نے بچے کی ولادت پر کہا ہے کہ باپ بننے پر وہ خوشی سے نہال ہیں۔

بچے کی پیدائش کا باضابطہ اعلان شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کیا گیا جو بچے کی پیدائش سے چند ہفتے قبل ہی بنایا گیا تھا۔

شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بچے نے 6 مئی کو جنم لیا۔ ماں اور بیٹا صحت مند ہیں۔ بچے کا وزن 7 پاؤنڈ 3 اونس ہے اور اس کا نام آئندہ چند روز میں رکھا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچے کی ولادت مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ہوئی۔

تاہم شاہی بیان میں اس راز سے پردہ نہیں اٹھایا گیا کہ بچے کی پیدائش کہاں ہوئی ہے۔ انسٹاگرام پوسٹ میں میگھن اور ان کے نوزائیدہ بچے کی تصویر بھی شیئر نہیں کی گئی ہے۔

بچے کی پیدائش سے کچھ عرصہ قبل شاہی محل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میگھن اسپتال میں بچے کو جنم نہیں دیں گی کیوں کہ ماں باپ پہلے بچے کی پیدائش کو نجی رکھنا چاہتے ہیں اور یہ نہیں چاہتے کہ بچہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

دلچسپ اتفاق

برطانیہ کے شاہی خاندان کے لیے اپریل اور مئی کے مہینے اب تک خاصے اہم رہے ہیں۔ دلچسپ اتفاق ہے کہ دونوں شہزادوں کی شادی اور بچوں کی پیدائش انہی دونوں مہینوں میں ہوئی۔

شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی 29 اپریل 2011ء کو ہوئی تھی۔ ان کے یہاں دوسری اولاد نے 2 مئی 2015ء کو جنم لیا۔

ولیم اور کیٹ کی تیسری اولاد اپریل 2018ء میں ہوئی تھی جب کہ اسی سال 19 مئی 2018ء کو ہیری اور میگھن کی شادی ہوئی۔ اب 6 مئی کو ان کے یہاں بیٹے نے جنم لیا ہے۔

میگھن مرکل امریکی شہری ہیں اور شادی سے پہلے اداکاری کرتی رہی ہیں۔ ہیری اور میگھن نے پسند کی شادی کی تھی۔

میگھن کا شاہی لقب ڈچز آف سسیکس ہے۔ شہزادہ ہیری 34 سال کے ہیں اور ولی عہد شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بیٹے ہیں۔

تخت کی جانشینی

پرنس ہیری اور میگھن کے ہاں بچے کی پیدائش کے ساتھ ہی تخت برطانیہ کی جانشینی کے لیے منتظر قطار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس وقت بچے کے دادا یعنی شہزادہ چارلس اس قطار میں پہلے نمبر پر ہیں۔

دوسرے نمبر ان کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم ہیں۔ ان کے بعد بالترتیب شہزادہ ولیم کے بڑے بیٹے پرنس جارج آف کیمبرج، ان کے بعد جارج کی بہن شہزادی شارلیٹ، اور پھر ان کے چھوٹے بھائی شہزادہ لوئس ہیں۔

چھٹے نمبر پر شہزادہ ولیم کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری ہیں جب کہ ہیری اور میگھن کے یہاں پیر کو پیدا ہونے والے شہزادے کا نمبر ساتواں ہے۔

XS
SM
MD
LG