بھارت کے اسٹار بیٹسمین اور کپتان ویرات کوہلی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، وہ بحیثیت ٹیسٹ کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی کپتان نے 156 رنز کے ساتھ اننگز دوبارہ شروع کی اور شاندار انداز میں کیئریر کی چھٹی ڈبل سنچری بنا ڈالی۔
کپتان کی حیثیت سے دنیا کے کسی بھی کرکٹر کی یہ سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں ہیں، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا پانچ ڈبل سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے تھے۔
یہی نہیں بلکہ ویرات کوہلی نے چھ ڈبل سنچریوں کے ساتھ سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔
کوہلی کا یہ 62 واں ٹیسٹ ہے جبکہ ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ اور سہواگ نے 104 میچز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس سے قبل ہفتے کو ٹیسٹ کے پہلے روز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پانچ ہزار رنز مکمل کیے تھے، وہ یہ اعزاز پانے والے بھارت کے گیارہویں جبکہ کم ترین اننگز میں یہ اسکور کرنے والے چوتھے بیٹسمین ہیں۔
کوہلی حالیہ دور کے کرکٹرز میں جو روٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا کے سٹیو اسمتھ 97 اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز بناکر ٹاپ پر ہیں۔
جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 109جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن نے 110 اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
مجموعی طور پر ٹیسٹ میچوں میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے کا اعزاز آج بھی سر ڈان بریڈ مین کے پاس ہے، انہوں نے صرف 56اننگز کھیل کریہ کارنامہ سرانجام دیاتھا۔