رسائی کے لنکس

انسداد بدعنوانی کی کانفرنس میں امریکہ پر تنقید متوقع


جان کیری برطانیہ میں آکسفورڈ یونین سے خطاب کر رہے ہیں۔
جان کیری برطانیہ میں آکسفورڈ یونین سے خطاب کر رہے ہیں۔

کانفرنس کی توجہ ناصرف ترقی پذیر ممالک میں بدعنوانی پر ہو گی بلکہ امیر ممالک میں شفافیت پر بھی بات کی جائے گی۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری جب جمعرات کو لندن میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی میزبانی میں انسداد بد عنوانی کے اجلاس میں شرکت کریں گے تو انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کیمرون نے کانفرنس سے پہلے یہ کہہ کر کہ ’’بدعنوانی ترقی کی دشمن ہے اور دنیا کے بہت سے مسائل کی جڑ ہے‘‘ امریکہ اور برطانیہ ایسے امیر ممالک کے مالی طور طریقوں پر سوال اٹھایا تھا۔

اس کانفرنس کا مقصد ایسے ضابطہ کار پر اتفاق کرنا ہے جس کے ذریعے بدعنوانی کو بے نقاب کر کے اس پر سزا دی جا سکے۔

اس اجلاس میں افغانستان، کولمبیا اور نائیجیریا کے رہنما بھی شریک ہو رہے ہیں۔

بدھ کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبا سے خطاب میں کیری نے کہا کہ امریکہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نائیجیریا ایسے ممالک کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

’’نائیجیریا میں اربوں ڈالر ملک سے باہر لے جائے گئے۔ یہ ڈالر سکول، نظام صحت، بنیادی ڈھانچے اور نئی ملازمتوں میں استعمال ہونے کی بجائے دنیا بھر کے بینک اکاؤنٹس میں چھپائے گئے۔‘‘

کانفرنس کی توجہ ناصرف ترقی پذیر ممالک میں بدعنوانی پر ہو گی بلکہ امیر ممالک میں شفافیت پر بھی بات کی جائے گی۔

کیمرون اس وقت یہ کانفرنس منعقد کرا رہے ہیں جب پاناما پیپرز سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کے مرحوم والد برطانوی ٹیکسوں سے بچنے کے لیے ایک آف شور کمپنی چلا رہے تھے۔

بعد ازاں انکشاف ہوا کہ وزیر اعظم کا بھی اس لین دین میں حصہ تھا اور انہوں نے اس کا اعتراف بھی کیا ہے۔

کیمرون حکومت پر دباؤ ہے کہ وہ اصلاحات کرے جس میں بیرون ملک اثاثوں والی برطانوی کمپنیوں کا اندارج شامل ہو جن کی تفصیلات تک عوام کو رسائی ہو۔

پاناما دستاویزات کے اس انکشاف کے بعد کہ 210,000 میں سے نصف سے زائد کمپنیاں برطانیہ کے زیر تسلط برٹش ورجن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ ہیں برطانیہ پر دباؤ ہے کہ وہ اصلاحات کا دائرہ اپنے زیر قبضہ سمندر پار علاقوں تک بڑھائے۔

پاناما دستاویزات میں نسبتاً کم امریکیوں کے نام سامنے آئے ہیں اور ان میں کسی اعلیٰ عہدیدار کا نام شامل نہیں۔ مگر انسداد بدعنوانی کے سرگرم کارکن امریکہ کو ڈیلاویئر، نیواڈا اور وائیومنگ ریاستوں میں ٹیکسوں سے بچنے اور کالا دھن سفید کرنے کے حوالے سے باعث تشویش سمجھتے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بہت کم پیسوں میں اور خفیہ طریقے سے کمپنیاں قائم کی جا سکتی ہیں۔

کیری امریکہ میں اصلاحات پر بات چیت کر سکتے ہیں مگر اس سلسلے میں امریکہ کی وفاقی حکومت کی صلاحیت محدود ہے کیونکہ ریاستیں اپنے بینکاری اصول وضع کرنے کے لیے خود مختار ہیں۔

رواں ماہ صدر اوباما نے منی لانڈرنگ، بدعنوانی اور ٹیکسوں سے بچنے کی روک تھام کے لیے اقدامات کا اعلان کیا تھا جس سے کانفرنس میں کیری کی پوزیشن مضبوط ہو گی۔

XS
SM
MD
LG