کینیا میں دو مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ سے کم ازکم 29 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
وزارت داخلہ نے اتوار کو بتایا کہ لامو نامی علاقے میں حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 9 افراد کو ہلاک کیا جب کہ تانا ریور کاؤنٹی کے قریب گامبا نامی علاقے میں 20 افراد ایسے ہی حملے میں مارے گئے۔
لامو کے قریب ہی گزشتہ ماہ اسلامی شدت پسند تنظیم الشباب نے ایک حملہ کرکے کم از کم 65 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
ہفتہ کو دیر گئے ساحلی علاقے میں ہونے والے ان تازہ حملوں کی ذمہ داری بھی الشباب نے قبول کی ہے۔
حکام کے طابق لامو میں دس سے پندرہ مسلح افراد نے دھاوا بولا اور بلا امتیاز فائرنگ کرتے رہے۔
گامبا کے علاقے میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے شدت پسندوں نے وہاں سے اپنے متعدد ساتھیوں کو بھی رہا کروا لیا۔
خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' نے پولیس حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ اس حملے میں کچھ اہلکار بھی ہلاک ہوئے جب کہ شدت پسندوں کی طرف سے فرار کروائے جانے والے قیدیوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو گزشتہ ماہ کے حملے میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
تاہم فرار ہونے والے قیدیوں کی اصل تعداد کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ نے ان تازہ پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس کے مطابق ان حملوں میں صرف 18 لوگ مارے گئے۔