رسائی کے لنکس

کینیا کا گورنر قتل و دہشت گردی کے الزام میں گرفتار


کینیا کی وزارت ِداخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے پھیلاؤ کے سلسلے میں 13 مزید افراد کو زیر ِحراست لیا گیا ہے؛ اور یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق شدت پسند تنظیم ممباسا ریپبلکن کونسل سے ہے

کینیا کے حکام نے ساحلی شہر لامو کے گورنر کو رواں ماہ میں ہونے والے حملوں کے سلسلے میں گرفتار کر لیا ہے۔ ان حملوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

قانون نافذ کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ گورنر عیسیٰ تمامی کو بدھ کے روز قتل اور دہشت گردی کے پھیلاؤ جیسے الزامات کی وجہ سے زیر ِحراست لیا گیا۔

کینیا کی وزارت ِداخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے پھیلاؤ کے سلسلے میں 13 مزید افراد کو بھی زیر ِحراست لیا گیا ہے اور یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق شدت پسند تنظیم ممباسا ریپبلکن کونسل سے ہے۔

اس ماہ کے آغاز میں اسلحہ بردار شدت پسندوں نے غیر مسلموں کو پیکیٹونی کے علاقے میں اپنا ہدف بنایا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری الشباب نے قبول کر لی تھی۔ مگر کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایک نامعلوم سیاسی نیٹ ورک کی جانب سے کیے گئے۔

گرفتار کیے جانے والے گورنر تمامی کا تعلق کینیا میں اپوزیشن جماعت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فورم پارٹی سے ہے۔ گورنر تمامی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری ایک سیاسی چال ہے۔

XS
SM
MD
LG