رسائی کے لنکس

پاکستانی صحافیوں کے وفد کا دورہٴ وائس آف امریکہ


وفد میں پاکستان کے مختلف ٹیلی ویژن نیٹ ورکس، ریڈیو اور ویب نیوز سے وابستہ 15 صحافی شامل ہیں، جس کی میزبانی ’انٹرنیشنل سنٹر فار جرنلسٹس‘ نے محکمہٴخارجہ کے پروگرام، پروفیشنل فیلوشپ کے اشتراک سے کی ہے

پاکستانی صحافیوں کے ایک وفد نے واشنگٹن میں ’وائس آف امریکہ‘ کی اردو سروس کا دورہ کیا اور ادارے کی کارکردگی، پالیسی اور نشریات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

صحافیوں کا یہ وفد اِن دنوں امریکہ پاکستان ’پروفیشنل پارٹنرشپ پروگرام فار جرنلسٹس‘ کے تحت، امریکہ کے دورے پر ہے، جس کی میزبانی ’انٹرنیشنل سنٹر فار جرنلسٹس‘ نے محکمہ خارجہ کے پروفیشنل فیلوشپ پروگرام کے اشتراک سے کی ہے۔

وفد میں پاکستان کے مختلف ٹیلی ویژن نیٹ ورکس، ریڈیو اور ویب نیوز سے وابستہ 15 صحافی شامل ہیں.

انھیں چار ہفتوں کے لئے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مقامی ٹیلی ویژن میں عملی تربیت کے لئے بھیجا گیا تھا، جہاں انھوں نے مقامی صحافیوں کے ساتھ مل کر رپورٹنگ کی اور ’وڈیو اسٹوری پروڈکشن‘ کی تربیت حاصل کی۔

دورے میں پاکستانی صحافیوں کو امریکی نشریاتی اداروں کے طریقہ کار سے بھی اگاہ کیا گیا، جبکہ پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہٴخیال کے لئے معروف صحافیوں، دانشوروں اور ماہرین کے ساتھ نشست کا اہتمام بھی کیا گیا۔

وائس آف امریکہ کے دورے میں، اردو سروس کے سربراہ، فیض رحمٰن نے انھیں ادارے کی نشریات کے بارے میں بریفنگ دی اور سوال و جواب کے دوران انھیں خبروں کے غیر جانبدار، معتبر اور بغیر لگے لپٹے انداز کے حوالے سے ادارے کی پالیسی سے آگاہ کیا۔

امریکہ پاکستان پروفیشنل پارٹنرشپ پروگرام کے تحت صحافیوں کا یہ 13 واں گروپ تھا جو امریکی حکومت کی دعوت پر واشنگٹن پہنچا تھا، جبکہ 14 ویں گروپ کے 4 جولائی کو واشنگٹن پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان کے صحافیوں، دانشوروں اور ماہرین کے لئے امریکہ کا یہ سب سے بڑا تبادلے کا پروگرام ہے، جو عوامی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بن رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG